
شیخوپورہ: آٹھ محرم کے جلوس میں پولیس اہلکار کی علامہ گلزار حسین سے بدزبانی و حملے کی کوشش
عمائدین نے یاد دلایا کہ مذکورہ ایس آئی ناصر حسین نے 2016 میں بھی علامہ گلزار حسین فیاضی پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی، جس کا مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔ مگر اس واقعے کے باوجود متعلقہ اہلکار کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے آج دوبارہ ایسی افسوسناک جسارت کی گئی ہے
شیعہ نیوز: اطلاعات کے مطابق پنجاب کے شہر شیخوپورہ کے علاقے فاروق آباد آٹھ محرم الحرام کے مرکزی جلوسِ عزا کے دوران اس وقت سنگین صورتحال پیدا ہو گئی، جب پولیس ٹریننگ اسکول شیخوپورہ کے ایس آئی ناصر حسین نے جلوس کے دوران امام جمعہ فاروق آباد علامہ گلزار حسین فیاضی کے خلاف نازیبا اور توہین آمیز زبان استعمال کرتے ہوئے حملہ آور ہونے کی کوشش کی۔
جلوس کے تقدس اور احترام کو مدنظر رکھتے ہوئے علامہ گلزار حسین فیاضی نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور موقع پر کسی بھی قسم کی بدنظمی اور انتشار سے گریز کیا۔ بعد ازاں اس افسوسناک واقعے کے خلاف مقامی عمائدین، بانیانِ جلوس اور مومنین فاروق آباد نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو فرقہ وارانہ منافرت اور جلوسِ عزا کے تقدس کی توہین قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: حضرت عباس علمدارؑ کی وفا، غیرت، شجاعت اور قربانی رہتی دنیا تک وفاداروں کا معیار اور مظلوموں کا سہارا ہے،علامہ راجہ ناصرعباس
مذمت کرنے والوں میں سید صفدر علی شاہ (صدر شیعہ کمیونٹی فاروق آباد)سید بشارت علی شاہ (صدر عزاداری کونسل فاروق آباد)سید وصی حیدر شاہ(نائب صدر انجمن حیدریہ فاروق آباد)رضا حسین گل اور دیگر مومنین شامل ہیں۔
عمائدین نے یاد دلایا کہ مذکورہ ایس آئی ناصر حسین نے 2016 میں بھی علامہ گلزار حسین فیاضی پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی، جس کا مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔ مگر اس واقعے کے باوجود متعلقہ اہلکار کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے آج دوبارہ ایسی افسوسناک جسارت کی گئی ہے۔
مقامی عمائدین اور بانیانِ جلوس نے پنجاب پولیس کے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ایس آئی ناصر حسین کے اس غیر ذمہ دارانہ، اشتعال انگیز اور توہین آمیز رویے کا فوری نوٹس لیا جائے اور اسے معطل کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔
عمائدین اور مومنین نے اعلان کیا ہے کہ علامہ گلزار حسین فیاضی کو کسی بھی قسم کا جانی یا مالی نقصان پہنچنے کی صورت میں اس کی تمام تر ذمہ داری ایس آئی ناصر حسین پر عائد ہو گی۔