شیعہ جبری گمشدگیوں کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیئے، علامہ تطہیر زیدی
کشمیری ہمارے ایمانی بھائی اور کشمیر پاکستان کی شہ رگ حیات ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جامع علی مسجد جامعتہ المنتظر ماڈل ٹاون لاہور میں جمعہ کے خطبے سے مولانا سید تطہیر زیدی نےخطاب کرتے ہوئےکشمیر کی حمایت سمیت ملکی و بین الاقوامی امور پر خطاب کیا۔
جمعے کے اجتماع میں کشمیریوں سے اظہارِیکجہتی کی قرارداد منظور کرتے ہوئے کہا گیا کہ کشمیری ہمارے ایمانی بھائی اور کشمیر پاکستان کی شہ رگ حیات ہے۔ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔ او آئی سی کا مسئلہ کشمیر پر خاموش رہنا افسوسناک ہے، امت مسلمہ کو اپنے اجتماعی مسائل میں ایک دوسرے کیساتھ تعاون کرنا چاہیے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ یہ بات انتہائی تکلیف کا باعث ہے کہ سوائے ایران کے کسی بھی مسلمان ملک نے کھل کر کشمیریوں کی موقف کی حمایت نہیں کی۔
دوسری قرارداد میں معروف قانون دان یافث نوید ہاشمی سمیت شیعہ لاپتہ افراد کی جبری لاپتہ گمشدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام لاپتہ افراد کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کیا گیااور قرار دیا گیا کہ اگر کوئی زیر حراست شخص ریاستی اداروں کو کسی مقدمے میں مطلوب ہے تو اسے عدالت میں پیش کیا جائے، لیکن جبری طور پر گمشدگیوں کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیئے۔ ایسے واقعات قابل مذمت افسوسناک اور بنیادی شہری حقوق کی خلاف ورزی ہے۔