ڈی آئی خان میں شیعہ نسل کشی جاری، عزادار امداد حسین شہید
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ڈیرہ اسماعیل خان میںشیعہ نسل کشی کی ایک اور کارروائی میں دو افراد نشانہ بن گئے ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پروا میں تھانہ یونیورسٹی کی حدود لنڈہ شریف میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں کی فائرنگ سے عزادارامداد حسین ولد ملازم حسین بلوچ موقع پر شہید ہوگئے جبکہ سجاد حسین ولد جعفر بلوچ شدید زخمی ہوگئے۔
حسب سابق ارتکاب جرم کے بعد قاتل کمال اطمینان کے ساتھ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے اور کسی مقام پہ ان کی پولیس یا سکیورٹی فورسز کے ساتھ کوئی مڈبھیڑ نہیں ہوئی۔ پولیس نے حسب روایت سانحہ کے بعد علاقے کو گھیرے میں لیکر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، تاہم تاحال قاتلوں یا ان کے سہولت کاروں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔
صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک ہفتے کے اندر دہشتگردی کی یہ تیسری واردات ہے۔ جس میں اب تک 14 افراد شہید جبکہ 36 زخمی ہوچکے ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں پہلی دہشت گردی کی واردات 21 جولائی کو ہوئی، جہاں درابن روڈ پر کوٹلہ سیداں چیک پوسٹ پر فائرنگ کرکے 2 پولیس اہلکاروں کو شہید کیا گیا جبکہ دوسری دہشت گردی کی واردات 21 جولائی کو عین اس وقت ہوئی جب کوٹلہ سیداں چیک پوسٹ پر فائرنگ کرکے 2 پولیس اہلکاروں کی میتیں ڈی ایچ کیو ہسپتال لائی گئی تو ٹراما سنٹر کے میں گیٹ پر خودکش دھماکہ کیا گیا، جس میں پولیس اہلکاروں سمیت ابتک 10 افراد شہید جبکہ 35 افراد زخمی ہیں۔ اس سانحہ کے بعد ڈیرہ سرکلر روڈ کو ریڈ زون قرار دیا گیا۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی بڑھائی گئی۔ مگر دہشت گردی کی روک تھام نہ ہوسکی اور ٹارگٹ کلنگ کی ایک اور کارروائی میں دو افراد نشانہ بن گئے ہیں۔