ترکی میں روس یوکرین مذاکرات میں اہم پیشرفت
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) روسی حکام کے مطابق حملوں میں کمی کا مقصد یوکرین اور روس کے درمیان جنگ بندی کے لئے ہونے والے مذاکرات میں باہمی اعتماد کو بڑھانا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترکی میں مذاکرات کے بعد یوکرین میں روسی کارروائیوں میں کمی آنے لگی ہے اور روسی افواج کی یف کے مضافات سے پیچھے ہٹ رہی ہیں، تاہم امریکی حکام کا نے دعوی کیا ہے کہ روس، فوجی انخلاء نہیں کر رہا بلکہ اپنی فوج کو نئی پوزیشن پر تعینات کر رہا ہے۔
استنبول میں روسی وفد کے سربراہ کا کہنا ہے کہ وہ کی یف پر حملوں میں کمی لارہے ہیں، روس فوج کیف کے محاصرے سے پیچھے ہٹ رہی ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق یوکرین میں جنگ بندی کے لئے کئی ہفتوں بعد یوکرین اور روس میں مذاکرات ترکی کے شہر استنبول میں ہورہے ہیں۔
مذاکرات میں یوکرینی حکام نے روس سے ہزاروں شہریوں کا انخلا یقینی بنانے کے لئے جنگ بندی کا معاہدہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ یوکرین نے عالمی ضمانتوں کے ساتھ غیرجانبدار حیثیت اختیار کرنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر روس مکمل جنگ بندی پر رضامند ہوتا ہے تو یوکرین نیٹو میں شمولیت اختیار نہیں کرے گا۔
ترکی کے وزیر خارجہ میولت کیووسگلو کا اس موقع پر کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے استنبول میں روس اور یوکرین کے درمیان جاری مذاکرات میں یہ اب تک کی سب سے اہم پیش رفت ہے۔
دوسری جانب روس کے نائب وزیر دفاع الیگزینڈر فومین نے کہا کہ یہ دیکھتے ہوئے کہ یوکرین کی غیرجانبداری اور غیرجوہری حیثیت سے متعلق معاہدہ طے ہونے کے قریب ہے، روس نے فیصلہ کیا ہے کہ کی یف اور شرنیگیو کے علاقوں میں فوجی آپریشن کو کم کر دیا جائے۔
روس کے یوکرین میں فوجی آپریشن کے بعد سے لاکھوں یوکرینی نقل مکانی کرچکے ہیں جبکہ مختلف شہروں پرروسی بمباری سے بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔