
بھارت میں مسلمانوں کے قتل عام پراقوام متحدہ کی خاموشی مجرمانہ ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر ظلم و تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں بھارت میں قتل و غارت کا نوٹس لیں اور پرُتشدد واقعات کی روک تھام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کریں۔
علامہ عارف واحدی کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی حکام مسلمانوں کے خلاف پرتشدد کارروائیاں رکوائیں، جہاں مساجد اور ان گنت دکانوں کو نذرآتش کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی میں مسلمانوں کا قتل عام، جلاؤ گھیراؤ اور تشدد کا بازار گرم ہے، مساجد شہید کی جا رہی ہیں، لیکن اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی خاموشی حیران کن ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ایسا ملک بن چکا ہے، جہاں پر مسلمانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے اور مشتعل ہجوم بچوں، عورتوں، بوڑھوں اور نوجوانوں کو سریوں اور ڈنڈوں سے مار رہا ہے۔علامہ عارف واحدی نے بھارت میں امن کی بحالی کا تقاضا کرتے ہوئے کہا کہ تشدد کا راستہ اپنانے سے گریز کیا جائے اور مقدس مقامات کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔
علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ کرونا وائرس نے پوری دنیا کو تشویس میں مبتلا کر دیا ہے، ملک میں کرونا وائرس سے روک تھام کیلئے میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کی ٹیمیں، صحت سے متعلقہ و معاون ادارے اور ذمہ داران احسن طریقے سے کام کر رہے ہیں، ہم اس کی قدردانی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تفتان بارڈر پر پاکستان ہاوس قرنطینہ میں 2500 سے زائد زائرین کو بنیادی سہولیات اور خوراک کی بروقت دستیابی کو مزید بہتر کیا جائے اور مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں بہم پہنچائی جائیں۔
علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ملک بھر کے علماء کرام و آئمہ نماز جمعہ کے خطبوں میں نئی دہلی اور کشمیری مسلمانوں پر بھارتی ظلم و ستم اور کرونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر سے عوام کو آگاہ کریں، تاکہ عوام میں کرونا وائرس سے بچاؤ کا شعور اجاگر ہو پائے اور بھارتی مسلمانوں پر ظلم ستم کیخلاف صدائے احتجاج بلند کریں۔