
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی شیعہ علماء و اکابرین سے ملاقات ،محرم الحرام کے انتظامات کا جائرہ
شیعہ نیوز:وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شیعہ علمائے کرام کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں مدعو کیا اور محرم کی مجالس اور جلوسوں کے دوران سیکیورٹی اقدامات اور ضابطہ اخلاق سمیت مجموعی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، مشیر برائے مذہبی امور فیاض بٹ، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی وقار مہدی، چیف سیکرٹری سہیل راجپوت اور آئی جی پولیس غلام نبی میمن نے شرکت کی۔ ملاقات کرنے والے 45 سے زائد علمائے کرام و شخصیات میں علامہ شہنشاہ حسین نقوی، جعفریہ الائنس پاکستان کے علامہ رضی جعفر نقوی، شیعہ علماء کونسل کے سید رضی حیدر زیدی، مجلس وحدت مسلمین کےعلامہ سید باقرعباس زیدی ، علی حسین نقوی اور دیگر شامل تھے۔وزیراعلیٰ سندھ نے علمائے کرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے پر تمام علمائے کرام کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان ہونے کے ناطے امن، سکون اور ایک دوسرے کے عقائد کا احترام ہماری ذمہ داری ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ محرم کیلئے سیکورٹی کے انتظامات علمائے کرام کی مشاورت سے کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ جلوس کے روٹ کو کلیئر کرنے کیلئے پہلے ہی ہدایات جاری کر چکے ہیں۔ علمائے کرام نے اپنی تجاویز دیں جن پر وزیراعلیٰ نے عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔