سندھ پولیس میں بڑے پیمانے پر تبادلے،کراچی اور حیدرآبادکے آئی جی تبدیل
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سندھ پولیس میں بڑے پیمانے پر تبادلے اور تقرریاں کی گئیں جبکہ کراچی اور حیدرآباد چیف کو بھی تبدیل کردیا گیا۔
چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (آئی جی) کراچی ڈاکٹر امیر شیخ کو ایڈیشنل آئی جی آپریشنز لگادیا گیا۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر امیر شیخ 11 ماہ قبل ہی کراچی پولیس چیف بنے تھے، جبکہ ایڈیشنل آئی جی کراچی کی تقرری کی مدت 18 ماہ بنتی ہے۔
یہاں غور طلب بات یہ ہے کہ ڈاکٹر امیر شیخ نے تقرری کے بعد اپنی مدت بھی پوری نہیں کی اور ان کا تبادلہ کردیا گیا۔
علاوہ ازیں ایڈیشنل آئی جی حیدرآباد غلام سرور جمالی کو جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کارڈینینشن ڈپارٹمنٹ کا چیف تعینات کردیا گیا۔
جبکہ ان کی جگہ پر ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ ڈاکٹر ولی اللہ دل کو ایڈیشنل آئی جی حیدرآباد تعینات کردیا گیا۔
اسی طرح گریڈ 21 کے افسر غلام نبی میمن کو ایڈیشنل آئی جی کراچی تعینات کر دیا گیا۔
علاوہ ازیں گریڈ 20 کے افسر عمران یعقوب منہاس کو گریڈ 21،اورافسر قمرالزمان کو گریڈ 20 پر ترقی دے دی گئی۔
عمران یعقوب منہاس کو ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ جبکہ قمر الزمان کو ڈی آئی جی ٹریفک پولیس تعینات کر دیا گیا۔
اس کے ساتھ ساتھ گریڈ 20 کے افسر فرحت علی جونیجو کو ڈی آئی جی اسپیشل برانچ تعینات کردیا گیا۔