خانہ فرہنگ ایران لاہور میں سیرت کانفرنس، اہم شخصیات کی شرکت
شیعہ نیوز: جشن ولادت باسعادت خاتم المرسلین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺکے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران نے 12 تا 17 ربیع الاول کو "ہفتہ وحدت ” کا نام دیا ہے، اور اس مناسبت سے خانہ فرہنگ قونصلیٹ جنرل اسلامی جمہوریہ ایران لاہور کے زیراہتمام ’’سیرت پیغمبرﷺ اور اہلبیتؑ‘‘ کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں سربراہ مرکزی جمعیت اہلحدیث علامہ ضیاءاللہ شاہ بخاری، مسند نشیں آستانہ عالیہ سندر شریف پیر سید محمد حبیب عرفانی، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، صدر مجلس وحدت مسلمین علامہ علی اکبر کاظمی، سربراہ شیعہ علما کونسل حافظ کاظم رضا نقوی، مفتی سید عاشق حسین، علامہ محمد حسین گولڑوی، جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین سید حسن رضا ہمدانی، پروفیسر سید محمود غزنوی، سربراہ تحریک وحدت اسلامی پاکستان صاحبزادہ پرویز اکبر ساقی، علامہ محمد خان لغاری اور ڈاکٹر پیر طارق شریف زادہ، نے حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی خانہ فرہنگ ایران لاہور ڈاکٹر اصغر مسعودی نے کہا کہ وحدت اور اختلاف سے دوری، ایک الہی فرض ہے۔ بھائی چارہ ایک نعمت ہے جبکہ تفرقہ ایک خطرہ ہے۔ ڈاکٹر اصغر مسعودی نے کہا کہ پیغمبر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اقتدا کا مطلب ہے کہ پیغمبر اور اہلبیتؑ کو وحدت اور ہمدلی کا محور بنائیں اور دشمن کے جرائم کیخلاف متحد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج اسلام اور مسلمانوں کا دشمن اسرائیل ہے اور سب کو اس کینسر کے ٹیومر کیخلاف متحد ہونا چاہیے۔ اسرائیل کسی بھی بین الاقوامی معاہدے یا انسانی حقوق کا احترام نہیں کرتا، صیہونی حکومت نے غزہ کی پٹی پر 79 ہزار بم گرائے ہیں جو دوسری جنگ عظیم کے بموں کی تعداد سے زیادہ ہیں، 110 اسکول اور یونیورسٹیاں، 608 مساجد اور ڈیڑھ لاکھ رہائشی یونٹس تباہ ہو چکے ہیں اور یہ تمام تباہی مغربی ممالک کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں، اور آج اسلامی اقوام اور ریاستوں کا اتحاد اور پیغمبر اسلام کی ہدایات پر عمل کرنا پہلے سے زیادہ ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج اسلامی اقوام اور ریاستوں کا اتحاد اور پیغمبر اسلام کی ہدایات پر عمل کرنا پہلے سے زیادہ ضروری اور ضروری ہے۔ قونصل جنرل مہران موحد فر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل جو کہ کینسر کا ٹیومر ہے، وه اس حملے کے انتقام اور تلافی میں اب تک فلسطینیوں کی نسل کشی میں مصروف ہے۔ اسرائیل کے مقبوضہ علاقوں میں ایک سال کے مسلسل جرائم کا ثمر کیا رہا ہے۔ 40 ہزار سے زیاده بے گناه افراد کی شہادت جن میں سے اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ ایک لاکھ سے زیاده زخمی۔ اس سرزمین کے حصوں کا مکمل انہدام۔ یہ فقط فلسطینی عوام کیخلاف اسرائیلی وحشیانہ حملوں کے گزشتہ ایک سال کے کارنامے ہیں۔
اس موقع پر لعل مہدی خان، سید اسامہ بخاری، بابا اسلم حیدری، صاحبزادہ میاں طاہر نقشبندی، بابا محمد شفیق بٹ، مفتی لیاقت علی صدیقی، پیر برہان الدین عثمانی، علامہ اصغر عارف چشتی، صاحبزادہ حسن شفاعت علی، سید منیر گیلانی، پیر رفیق الحسن قریشی، محمد مطلوب عالم، پیر عرفان احمد اویسی، چودھری صغیر عباس ورک، حافظ مرغوب ہمدانی، علامہ اعجاز حیدری، علامہ ظہیر الحسن کربلائی اور مفتی اشفاق چشتی نے بھی مولائے کائنات ﷺ کو خراج عقیدت پیش کیا۔