
سکردو: اسلامی تحریک پاکستان کا 46 واں یوم تاسیس
مقررین نے کہا کہ اس وقت بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر ہمارے پہاڑوں اور زمینوں پر قبضے کی کوشش کی جا رہی ہے جو ہم کبھی ہونے نہیں دیں گے۔ اگر پاکستان کو کسی چیز کی ضرورت ہے ہم دل کھول کر دینے کے لئے تیار ہیں لیکن حکمرانوں کی تجوریوں کو بھرنے کے لئے ہم ایک پتھر بھی دینے کے لئے تیار نہیں ہیں
شیعہ نیوز: اسلامی تحریک پاکستان ضلع سکردو کے زیر اہتمام اسلامی تحریک کے 46 ویں یوم تاسیس کے حوالے ایک تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی انجمن امامیہ بلتستان کے صدر آغا باقر حسین الحسینی تھے۔ اس موقع پر انجمن امامیہ بلتستان کے صدر آغا باقر حسین الحسینی، نائب امام جمعہ شیخ جواد حافظی، اسلامی تحریک ضلع سکردو کے صدر شیخ حسن فلسفی، جنرل سیکرٹری شیخ احمد ترابی، گمبہ سکردو کے صدر شیخ سرور میر، اسلامی تحریک حلقہ نمبر دو سے اسمبلی کے امیداور شبیر حافظی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سالمیت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ دشمن ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھے، ملکی دفاع کے لئے ہم سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہیں اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے وزیر دفاع: خطے میں دہشت گردی امریکی پالیسیوں کا نتیجہ ہے
مقررین نے مزید کہا کہ جیسے 1948ء اور 1999ء کارگل جنگ میں دشمن کو شکست دی ہے، بھارت کی جانب سے جنگ مسلط کی گئی تو ہم بھرپور جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر ہمارے پہاڑوں اور زمینوں پر قبضے کی کوشش کی جا رہی ہے جو ہم کبھی ہونے نہیں دیں گے۔ اگر پاکستان کو کسی چیز کی ضرورت ہے ہم دل کھول کر دینے کے لئے تیار ہیں لیکن حکمرانوں کی تجوریوں کو بھرنے کے لئے ہم ایک پتھر بھی دینے کے لئے تیار نہیں ہیں۔
