سکردو، وزیر زراعت کاظم میثم سے عوامی وفود کی ملاقات، حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا
شیعہ نیوز:وزیر زراعت کاظم میثم سے ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹریٹ سکردو میں عوام وفود کی کثیر تعداد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں بلتستان ریجن کے تمام علاقوں بلخصوص حلقہ دو کے مختلف علاقوں جن میں کچورا، بشو، گمبہ سکردو، شگریکان، سندس، کتپناہ، رزسنا، نیورنگاہ، آستانہ، نیانیور، سدپارہ سمیت دیگر علاقوں کے وفد اور انفرادی طور پر مسائل پیش کئے گئے۔ اس موقع پر وزیر زراعت کاظم میثم نے کچھ مسائل کو موقع پر متعلقہ محکمہ جات کے ذمہ داران کو حل کرانے کے احکامات جاری کیے اور بہت سارے مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ اس موقع پر کچورا کے وفد نے وزیر زراعت کاظم میثم اور وزیراعلٰی گلگت بلتستان سمیت پارٹی رہنماوں کا شغرتھنگ روڈ کی منظوری پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس پروجیکٹ کا فائدہ پورے بلتستان کا ہونا ہے۔ کچورا تا استور روڈ کا اہم عوامی نوعیت کا میگا پراجیکٹ رکھ کر علاقے کے عوام کے دل جیت لیے۔
وفد نے مزید کہا کہ شغرتھنگ استور روڈ سے جہاں سیاحت کو فروغ ملے گا وہیں تجارت کو بھی وسعت ملے گی۔ حلقے کے منتخب نمائندے کا عوام کے ساتھ رابطہ اور ان کے مسائل کو بروقت حل کرنے اور مسائل سننے کے لئے مواقع فراہم کرنا احسن اقدام ہے۔ عوامی وفد سے ملاقات میں کاظم میثم نے کہا کہ شغرتھنگ روڈ کی منظوری وزیراعلٰی جی بی کی خصوصی دلچسپی کا نتیجہ ہے اور گیم چینجر فارمولا ہے۔ موجودہ حکومت جس ویژن کے ساتھ فعال ہے وہ خطے کی ترقی اور استحکام کی ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اصل ہدف خطے کی تعمیر و ترقی اور عوامی خدمت ہے۔