
سکردو: انجمن امامیہ بلتستان کی نو منتخب کابینہ کی تقریبِ حلف برداری
صدر انجمن امامیہ بلتستان علامہ سید باقر الحسینی نے خطاب کرتے ہوئے شرکائے تقریب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ: "یہ عہدہ میرے لیے امانت ہے اور میں اپنے بزرگوں کی رہنمائی، نوجوانوں کی معاونت اور علمائے کرام کے مشوروں سے انجمن کو ایک فکری و اجتماعی قوت بنانے کی کوشش کرونگا۔" انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ زائرینِ اربعین کے لیے بند راستے فی الفور کھولے جائیں اور انہیں مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے۔ تقریب کے اختتام پر علامہ شیخ محمد حسن جعفری، آغا علی رضوی، شیخ رضا بہشتی اور تمام بزرگانِ ملت کی صحت و سلامتی کی دعائیں کی گئیں
شیعہ نیوز: مورخہ 3 اگست 2025ء مطابق 8 صفر المظفر 1447ھ کو مرکزی جامع مسجد سکردو میں انجمن امامیہ بلتستان کی نئی کابینہ اور صدر کی تقریبِ حلف برداری نہایت روحانی، پرعزم اور وقار آفریں ماحول میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں علمائے کرام، زعمائے ملت، معززینِ شہر، نوجوانان ملت اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز شیخ ذوالفقار انصاری کی تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا، جس کے بعد سرپرست اعلیٰ انجمن امامیہ بلتستان اور امام جمعہ سکردو علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے نومنتخب صدر علامہ سید باقر الحسینی سے حلف لیا۔ بعد ازاں صدر انجمن امامیہ بلتستان آغا باقر الحسینی نے اپنی کابینہ کے اراکین سے بھی حلف لیا، جو آئندہ تین سال کے لیے انجمن کی قیادت سنبھالیں گے۔
نومنتخب صدر علامہ سید باقر الحسینی کے ساتھ ساتھ مختلف عہدوں پر جن اراکین نے حلف اٹھایا، ان میں
سینیئر نائب صدر: شیخ محمد جواد حافظی، نائب صدور: سید احمد شاہ الحسینی، شیخ فدا حسن عبادی، شیخ شرافت علی، شیخ محمد الیاس، شیخ زاہد حسین زاہدی، شیخ ذوالفقار انصاری، وزیر حامد حسین شگری، جنرل سیکریٹری: حاجی محمد نذیر شگری، رابطہ سیکریٹری: سید قمر عباس، سیکریٹری نشر و اشاعت: آغا زمانی، ایڈیشنل سیکریٹری: ریحان شاکر ایڈووکیٹ، معاون سیکریٹری نشر و اشاعت: حاجی محمد یعقوب کھرگڑونگ، لیگل ایڈوائزر: کاچو ظفر علی خان ایڈوکیٹ، سیکریٹری مالیات: حاجی بابو اصغر، چیئرمین مشاورتی کونسل: شیخ محمد علی مظفری شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بلاسفیمی قوانین کی آڑ میں بلیک میلنگ کا کاروبار معاشرے کیلئے زہر قاتل ہے، علامہ سبطین سبزواری
تقریب میں تنظیم کے نظریاتی پس منظر پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ یاد رہے کہ انجمن امامیہ بلتستان کا قیام 1978ء میں عمل میں آیا، قائد بلتستان علامہ شیخ غلام محمد غروی رحمۃ اللہ علیہ انجمن امامیہ بلتستان کے پہلے صدر تھے، جبکہ اس کے بانی سرپرست اعلیٰ حجۃ الاسلام آغا سید علی حسینی رحمۃ اللہ علیہ تھے۔ اس تنظیم کا بنیادی مقصد خطۂ بلتستان میں تحفظ عزاداری، ترویجِ دین، اتحاد بین المسلمین، مذہبی ہم آہنگی، تعلیمی و سماجی ترقی اور امن و امان کا قیام رہا ہے۔ موجودہ سرپرست اعلیٰ علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ موجودہ دور میں ملت اسلامیہ کو فکری، اعتقادی، لسانی اور فرقہ وارانہ حملوں کا سامنا ہے، جن کا مقابلہ صرف مضبوط اور متحرک تنظیمی نظام ہی کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی کابینہ کو تنظیم سازی، داخلی اتحاد اور مقامی یونٹوں کی فعالیت پر بھرپور توجہ دینا ہوگی۔
صدر انجمن امامیہ بلتستان علامہ سید باقر الحسینی نے خطاب کرتے ہوئے شرکائے تقریب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ: "یہ عہدہ میرے لیے امانت ہے اور میں اپنے بزرگوں کی رہنمائی، نوجوانوں کی معاونت اور علمائے کرام کے مشوروں سے انجمن کو ایک فکری و اجتماعی قوت بنانے کی کوشش کرونگا۔” انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ زائرینِ اربعین کے لیے بند راستے فی الفور کھولے جائیں اور انہیں مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے۔ تقریب کے اختتام پر علامہ شیخ محمد حسن جعفری، آغا علی رضوی، شیخ رضا بہشتی اور تمام بزرگانِ ملت کی صحت و سلامتی کی دعائیں کی گئیں۔