
جانور ذبح کرنے سے عید ایثار کا تقاضا پورا نہیں ہوتا,علامہ راجہ ناصر عباس
شیعہ نیوز:مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عید الاضحیٰ کے بابرکت موقع پر اپنے پیغام میں امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محض جانور ذبح کرنے سے عید ایثار کا تقاضا پورا نہیں ہوتا بلکہ ہمیں اپنی زندگیوں میں تقوی اور اطاعت الٰہی کو نافذ کرکے اللہ تعالی کی خوشنودی حاصل کرنا ہو گی۔ جب تک ہم قربانی کے حقیقی مفہوم سے آگاہ نہیں ہوں گے تب تک یہ محض جانور ذبح کرنے کی ایک رسم ہی رہے گی۔ ہمیں دیگر احکام شرعیہ پر عمل کرتے ہوئے مسلکی تعصبات، باہمی نفرتوں، جھوٹی اناؤں اور طبقاتی تفریق پر بھی چھری پھیرنے کا عہد کرنا ہوگا تاکہ ایک حقیقی اسلامی معاشرے کی تشکیل کی جا سکے۔ تمام صاحبان استطاعت عید کی خوشیوں میں نادار عزیز و اقربا، اہل محلہ اور غرباء کو ضرور شریک کریں۔
انہوں نے کہا کہ غیر معمولی مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی کو شدید متاثر کیا ہے، عید ایثار پسماندہ طبقوں کی نیک نیتی کے ساتھ اعانت کر کے رب کریم کی خوشنودی حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔ اللہ تعالی نے ان مساکین و غرباء کو گوشت فراہم کرنے کا بہترین انتظام کر رکھا ہے جو عام حالات میں گوشت خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے، وطن عزیز کے خلاف عالمی سازشیں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ ہمیں اپنے وطن کی خاطر اپنی اناؤں کو بھی قربان کرنا ہو گا، نظریہ اسلام کے نام پر معرض وجود میں آنے والی اس ریاست کی نظریاتی و جغرافیائی حفاظت ہم سب پر شرعی احکام کی طرح واجب ہے۔