اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں ایرانی ائیر ڈیفنس سسٹم کی ہوشیاری، عرب ذرائع ابلاغ کا اعتراف
شیعہ نیوز: عرب ذرائع ابلاغ نے گذشتہ رات صہیونی حکومت کے حملوں کا مقابلہ کرنے میں ایرانی ائیر ڈیفنس سسٹم کی ہوشیاری اور طاقت کا اعتراف کیا ہے۔
کل رات صہیونی حکومت نے ایران کے مختلف مقامات پر ہوائی حملہ کرنے کی کوشش کی تاہم ایرانی فضائی دفاعی نظام کی بروقت کاروائی اور بھرپور دفاع کی وجہ سے حملے کامیاب نہ ہوسکے۔
عالمی ذرائع ابلاغ میں صہیونی جارحیت اور اس کو روکنے میں ایرانی ائیر ڈیفنس سسٹم کی کامیابی موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی حملے میں وطن کے دفاع میں 2 ایرانی فوجی جوان شہید
عرب ذرائع ابلاغ صہیونی حملوں کے مقابلے میں ایرانی فضائی دفاعی نظام کو موثر اور طاقتور قرار دے رہے ہیں جس نے کامیابی کے ساتھ صہیونی فضائی کو ناکام بنادیا۔
العہد نے اس حوالے سے کہا ہے کہ صہیونی حکومت نے گذشتہ رات ایران پر فضائی جارحیت کی۔ حملے کے فورا بعد ایرانی ذرائع ابلاغ نے مختلف مقامات پر دھماکوں کی خبریں دیں تاہم صہیونی دعوے کے برعکس تہران کے امام خمینی ائیرپورٹ اور مہر آباد ائیرپورٹ پر کوئی حملہ نہیں ہوا۔ مختلف مقامات پر ہونے والے دھماکے ایرانی دفاعی نظام کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ہوئے۔
الغد اردن نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ صہیونی حکومت نے کواڈکاپٹر کے ذریعے ایران پر حملہ کیا تاہم ایرانی ائیرڈیفنس سسٹم نے کامیابی کے ساتھ حملوں کو ناکام بنادیا۔ باخبر ذرائع کے مطابق ایرانی ڈیفنس سسٹم نے ہوشیاری کے ساتھ بروقت کاروائی کرتے ہوئے صہیونی حملے کا بھرپور مقابلہ کیا۔
روسیا الیوم نے چند ویڈیوز جاری کرتے ہوئے اپنے نامہ نگار کے حوالے سے کہا ہے کہ تہران میں دفاعی سسٹم کے فعال ہونے کے بعد دھماکوں کا سلسلہ بند ہوا۔ تہران کے ڈیفنس سسٹم کے مطابق دھماکے ائیر ڈیفنس سسٹم کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ہوئے تھے۔
خبری ویب سائٹ المصراوی نے بھی ایک ویڈیو کلپ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذرائع ابلاغ میں جاری ویڈیوز اور تصاویر کے مطابق ایرانی ڈیفنس سسٹم نے کامیابی کے ساتھ صہیونی حملے پر اپنا دفاع کیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب کا کوئی مرکز صہیونی حملے کا شکار نہیں ہوا ہے۔
القاہرہ الاخباریہ نے کہا ہے کہ ایرانی ائیر ڈیفنس سسٹم نے ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بروقت کاروائی کی اور صہیونی جارحیت کو ناکام بنادیا۔ ایران کے مطابق بعض مقامات پر جزئی نقصان ہوا ہے جس کی تحقیقات کی جارہی ہے۔
صدی البلد نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق تہران کے مشرق میں ائیر ڈیفنس سسٹم فعال ہوگیا ہے۔ صہیونی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے کاروائی کے بعد دفاعی نظام خاموش ہوگیا۔