قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا مسلح افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلیے جی ایچ کیو دورے کا فیصلہ
شیعہ نیوز:قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے مسلح افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جی ایچ کیو دورے کا فیصلہ کیا ہے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا چیئرمین فرخ الطاف کی زیر صدارت اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا، کمیٹی اراکین نے امن و امان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں 9 مئی 2023 کے دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے یہ موقف اپنایا گیا کہ پاکستان کے ہر شہری پر لازم ہے کہ وہ پاکستان کے اداروں اور عوامی املاک کے تقدس کا احترام کرے، کمیٹی نے پاکستان کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔کمیٹی کے رکن برجیس طاہر نے قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ قائمہ کمیٹی برائے دفاع پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، مسلح افواج ہماری قوم کا فخر ہیں۔
کمیٹی 9 مئی کو پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتی ہے، ایسے واقعات افسوسناک اور ناقابل برداشت ہیں اور ان سے سختی سے نمٹا جانا چاہیے۔ قرارداد میں لکھا گیا ہے کہ متفقہ طور پر 9 مئی کے تشدد کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں جس سے قوم کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے،ہم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘
کمیٹی نے سفارش کی کہ پرتشدد واقعات کے ذمہ داروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، کمیٹی اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری وزارت دفاع نے ملک کی خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے افواج پاکستان کے کردار اور قربانیوں کو تسلیم کرنے پر کمیٹی کا اظہار تشکر کیا۔
کمیٹی نے متفقہ طور پر پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کی علامت کے طور پر جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔ قائمہ کمیٹی نے “انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی (ترمیمی) بل اگلے اجلاس تک مؤخر کر دیا۔