
اسرائیل سے تعاون بند کریں ورنہ حملوں کے لیے تیار رہیں، انصار اللہ کا خطے کے ممالک کو انتباہ
شیعہ نیوز: یمنی فوج نے خطے کے ممالک کو اسرائیل کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی صورت میں حملے کی وارننگ جاری کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق انصاراللہ یمن کے سیاسی دفتر کے اعلی رہنما حزام الاسد نے اسرائیل کے ساتھ تعاون کرنے والے تمام عرب و اسلامی ممالک اور بین الاقوامی بحری کمپنیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ غاصب حکومت کے ساتھ تعاون ترک کریں، ورنہ یمن کی فوجی کارروائیوں کا سامنا کریں۔
حزام الاسد نے اعلان کیا کہ صہیونی حکومت کے خلاف مرحلہ وار بحری کارروائیوں کا چوتھا دور جلد شروع کیا جا رہا ہے، جن کا ہدف وہ تمام بحری کمپنیاں ہوں گی جو صہیونی بندرگاہوں سے وابستہ ہیں، اگرچہ ان کا تعلق عرب، اسلامی یا دیگر ممالک سے کیوں نہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں : عالمی سطح پر اسرائیل کے خلاف سیاسی سونامی، فلسطین کو تسلیم کرنے کے رجحان میں اضافہ
انہوں نے زور دے کر کہا کہ یمنی مسلح افواج پرعزم ہیں کہ صہیونی حکومت اور اس کے حامیوں کے خلاف اپنی کارروائیوں میں توسیع کی جائے بالخصوص ان عناصر کے خلاف جو غزہ کے عوام کے قتل عام اور محاصرے میں شریک ہیں۔
حزام الاسد نے کہا کہ بعض عرب اور اسلامی حکومتیں جو دعوی تو امت کی حمایت کا کرتی ہیں، لیکن حقیقت میں اسرائیل کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دے کر غزہ کے محاصرے میں شریک ہیں۔ یہ ان ممالک کے چہرے پر ایک بدنما داغ ہے۔