
کرم میں امن کیلئے سخت آپریشن ناگزیر ہے، فیصل کریم کنڈی
گورنر نے کہا کہ جرگہ کے ساتھ کرم میں امن کیلیے وہاں جتنے بھی دن بیٹھنا پڑے بیٹھنے کیلیے تیار ہوں، اگر یہاں بیرونی عناصر موجود ہیں بھی تو انکو پناہ ہمارے اندر موجود لوگ ہی دیتے ہیں
شیعہ نیوز: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کے مفاد میں متحد ہیں، ہمیں متحد ہو کر امن دشمنوں کی نشاندہی کرنا ہوگی، ضلع کرم میں قیام امن کے لیے عوام کے تعاون سے سخت ترین آپریشن ناگزیر ہے۔
جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ جرگہ کے ساتھ کرم میں امن کیلیے وہاں جتنے بھی دن بیٹھنا پڑے بیٹھنے کیلیے تیار ہوں، اگر یہاں بیرونی عناصر موجود ہیں بھی تو انکو پناہ ہمارے اندر موجود لوگ ہی دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مودی حکومت 1947ء جیسے فسادات کروانا چاہتی ہے، محبوبہ مفتی
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی قیادت کا جرگہ صدر پاکستان، وزیراعظم، آرمی چیف کے پاس لے کر جائیں گے۔ دریں اثنا ایک ٹی وی سے گفتگو میں گورنر نے کہا کہ پارلیمان سمجھتی ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگنی چاہیے تو پھر لگے گی۔
گورنر خیبر پختونخوا گزشتہ روز کوہاٹ میں گرینڈ جرگے سے خطاب کررہے تھے، وفاقی وزیر سیفران انجینئر امیر مقام، اے این پی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین، پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر سید محمد علی شاہ باچا، قومی وطن پارٹی کے صوبائی چئرمین سکندر حیات شیرپاؤ، جے یو آئی (س) کے حافظ عبدالرافع بھی موجود تھے۔