دنیا

صوبہ پکتیکا میں افغان فوج کے ساتھ لڑائی میں 65 طالبان ہلاک

شیعہ نیوز : افغان فوج کے ساتھ جھڑپ میں طالبان کے مزید پینسٹھ جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔

افغان ذرائع کی رپورٹ کے مطابق طالبان گروہ نے صوبہ پکتیکا کے ضلع وازی خوا میں افغان فوج کی عمارت پر حملہ کیا جس کے بعد افغان فوج اور طالبان کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ جھڑپوں کے دوران پینسٹھ طالبان ہلاک اور پینتیس زخمی ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق ان جھڑپوں میں تین افغان فوجی بھی مارے گئے ہیں جبکہ چھے زخمی بتائے جاتے ہیں۔

طالبان کے حملوں کا سلسلہ ایسے وقت میں جاری ہے کہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں بارہ ستمبر سے افغانستان میں جنگ و خونریزی کے خاتمے کے لئے امن مذاکرات ہو رہے ہیں۔

دوسری جانب افغانستان کی اعلی قومی مصالحتی کونسل کے سربراہ نے ملک میں داعش، القاعدہ اور حقانی جیسے دہشت گرد گروہوں کی بیخ کنی پر زور دیا ہے۔

افغان نیوز ایجنسی آوا پریس کے مطابق اعلی قومی مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے کہا ہے کہ طالبان جنگ ختم کر دیں تو مذکورہ دہشت گرد گروہوں کو آ‎سانی کے ساتھ ختم کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ شام و عراق اور بعض دیگر ملکوں میں انسانیت سوز جرائم کا ارتکاب کرنے والا دہشت گرد گروہ القاعدہ اب بھی افغانستان میں فعال ہے۔

عبداللہ عبداللہ نے قطر میں جاری بین الافغان مذاکرات کی کامیابی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کو اچھی طرح معلوم ہے کہ وہ جنگ کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکتے، لہذا جنگ بندی اور جھڑپوں کا خاتمہ ہی واحد راستہ ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button