تعلیمات محمد (ص) و آل محمد (ع) پر عمل سے ہی دنیا و آخرت کی کامیابی ہے:علامہ رضی جعفر
شیعہ نیوز: کراچی کی مسجد محفل مرتضیٰ میں جشن عید میلاد البنی (ص) اور اتحاد بین المسلمین کے جلسے سے خطاب کے دوران جعفریہ الائنس کے سربراہ علامہ سید رضی جعفر نقوی نے کہا کہ نبی کریم (ص) کی تعلیمات انسانیت کیلئے مشعل راہ ہیں، آپ (ص) نے بھٹکی ہوئی انسانیت کی درست اور بہتر سمت رہنمائی کی، آج مسلمان تعلیمات محمد (ص) و آل محمد (ع) پر عمل پیرا ہوجائیں تو دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں کیونکہ خانوادہ رسول (ص) کی عظیم اور بے مثل قربانی نے دین کو ہمیشہ کیلئے زندہ و جاوید کیا لہٰذا ہمیں پرچم اسلام کو بلند کرنا ہوگا اور دین کی خدمت کو اپنا شعار بنانا ہوگا۔
اس موقع پر محمد صدیق اسماعیل، وسیم بادامی، شاہ زیب سلیم اور افتخار زیدی نے بارگاہ رسالت و امامت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں صاحبزادہ شاہ حسین الدین رحمانی نے درود و سلام پیش کیا۔ تقریب میں شیعہ اسماعیلی مسلم کمیونٹی، داؤدی بوہرا جماعت کے علاوہ اہل سنت اور دیوبند مسالک کے علماء و عوام شریک ہوئے جبکہ شیعہ اثناء عشری اکابرین اور اسکالر بھی شریک تھے۔