انصاراللہ کی کاروائیاں، سوڈان نے یمن سے فوجیں واپس بلالیں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) یمنی مجاہدین کی استقامت اور کامیاب کاروائیوں کے بعد سعودی اتحاد میں شامل ملک سوڈان نے اپنی فوجیں یمن سے واپس بلانے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یمنی فورسز اور عوامی رضاکار فورس انصاراللہ کی جانب سے سعودی اتحاد کے خلاف بڑی کاروائیوں میں سینکڑوں فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سوڈان نے سعودی فوجی اتحاد مین شامل اپنی فوجوں کو یمن سے واپس بلانے کااعلان کردیا ہے۔
سوڈان کے وزیراعظم عبداللہ حمدوک نے کہا ہے کہ سوڈان نے یمن پر سعودی عرب کی مسلط کردہ جنگ میں شریک سوڈانی فوجیوں کو یمن سے نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سوڈانی وزیر اعظم نے کہا کہ یمن پر مسلط کردہ جنگ میں شرکت کا فیصلہ گذشتہ حکومت کا تھا اور سوڈان کی موجودہ حکومت نے یمن سے اپنے فوجیوں کو واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے امریکہ اور اسرائیل کی حمایت سے اور اتحادی ملکوں کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ دوہزار پندرہ سے غریب ترین مسلمان ملک یمن پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔ اس دوران سعودی حملوں میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ دسیوں لاکھ یمنی باشندے اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں ۔