
سکھر قرنطینہ سینٹر، آئی ایس او کا زائرین کی خدمات کا آغاز
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے شعبہ اسکاوٹنگ کی جانب سے کورونا سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے ’’خدمت مہم‘‘ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ عالمی وبا کے پاکستان میں بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر امامیہ اسکاوٹس نے سکھر کے قرنطینہ میں بیسیوں زائرین کی خدمت کا آغاز کرتے ہوئے انہیں بنیادی سہولیات فراہم کرنیکے لیے اپنی خدمات شروع کر دی ہیں۔
امامیہ چیف اسکاوٹ محمد عباس نے بتایا کہ امامیہ اسکاوٹس نے مہلک وبا سے محفوظ رہنے کے لیے ملک بھر میں صفائی اور خدمت مہم کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت ملک میں جہاں بھی کورونا سے متاثرین کو رضاکارانہ خدمات کی ضرورت ہوگی، امامیہ اسکاوٹس پیش پیش ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انسانیت کی خدمت کرنا ہر اسکاوٹس پر لازم ہے اور امامیہ اسکاوٹس نے ہر مشکل کی گھڑی میں انسانیت کی بھلائی کے لیے خدمات کو انجام دیا ہے۔