سنی اتحاد کونسل کا عمران خان کے لانگ مارچ میں شرکت کا اعلان
شیعہ نیوز: سنی اتحاد کونسل نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ میڈیا نیوز کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ میں لانگ مارچ کا استقبال کیا جائے گا اور میں لانگ مارچ میں شامل ہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن تنظیم کو لانگ مارچ کے استقبال کی ہدایت کر دی ہے۔ حامد رضا کا کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل پنجاب کو ہنگامی تیاریوں کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے جمعے سے لانگ مارچ شروع کرنےکا اعلان کر دیا ہے۔
ایوان وزیراعلیٰ پنجاب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ جمعے کو لانگ مارچ کر رہا ہوں، لبرٹی چوک لاہور سے ہمارا لانگ مارچ شروع ہوگا، ہمارا لانگ مارچ جمعے کی صبح 11 بجے شروع ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم جی ٹی روڈ سے عوام کو ساتھ لیتے ہوئے اسلام آباد پہنچیں گے،ہمارا مارچ پُرامن احتجاج ہوگا، ہم پرامن احتجاج کرتے ہیں، ہمارے جلسوں میں فیملیز آتی ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم لڑائی کرنے نہیں جا رہے، نہ ہم ریڈ زون میں جا رہے ہیں، ہم وہاں جلسہ کریں گے، جہاں عدالتوں نے ہمیں اجازت دی ہوئی ہے، ہم نے سب کو پرامن رہنے کی ہدایت کی ہے۔