صیہونی رژیم کے حامی اسے فلسطینیوں کی نسل کشی سے روکیں، پزشکیان
شیعہ نیوز: قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ "شیخ محمد آل ثانی” نے ایران کے صدر ڈاکٹر "مسعود پزشکیان” سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں سربراہان مملکت نے مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی سطح بڑھانے اور انہیں مزید وسیع کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر ایرانی صدر نے غزہ میں جنگ بندی کے لئے قطر کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں ہر منٹ اور گھنٹے میں انسانی حقوق و بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہو رہی ہے مگر انسانی حقوق کے دعوے دار وہ ممالک بھی ان جرائم کے سامنے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں جو کبھی کبھار ایک شخص کے ٹرائل کا شور مچاتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ممالک نہ صرف خاموش ہیں بلکہ اکثر اوقات ان سنگین انسانی جرائم کے بانی اور نسل کشی کے حامی بھی ہیں۔ ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اس امید کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر موجود اسلامی ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوں اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے صیہونی رژیم کو غزہ میں نسل کشی و انسانی جرائم سے روکیں۔
دوسری جانب شیخ محمد آل ثانی نے ایرانی صدر کو اپنی ذمے داریاں سنبھالنے پر امیر قطر کا پُرتپاک سلام و مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ امیر قطر دونوں ممالک کے درمیان خصوصی برادرانہ و اسٹریٹجک تعلقات بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ قطری وزیراعظم نے کہا کہ میں بھی یہی سمجھتا ہوں کہ ابھی تک دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی سطح مطلوبہ حد تک نہیں پہنچی۔ ہمیں اپنے تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے مزید کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے غزہ میں عالمی برادری و انسانی حقوق کے علمبرداروں کے دوغلے پن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ شیخ محمد آل ثانی نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے لئے قطر اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے موثر کردار کو عاقلانہ و ذمہ دار عنصر قرار دیا۔ شیخ محمد آل ثانی نے علاقائی و بین الاقوامی مسائل میں ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے مثبت کردار و نقطہ نظر کی تعریف کی۔ انہوں نے ایران کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔