
غزہ کیلئے سویڈن کی امدادی کشتی انسانیت کا روشن استعارہ ہے، علامہ مقصود ڈومکی
علامہ مقصود علی ڈومکی نے اسرائیلی نیول فورسز کیجانب سے پرامن امدادی کاروان کو روکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام عالمی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ فلسطین پر اسرائیلی مظالم کے خلاف عالمی ضمیر بیدار ہو چکا ہے، سویڈن کی امدادی کشتی انسانیت کا روشن استعارہ ہے۔ امدادی کشتی کو روکنے کا اسرائیلی اقدام عالمی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اقوام متحدہ، عالمی عدالت انصاف اور دیگر بین الاقوامی ادارے اسرائیلی وزیر اعظم اور اس کی دہشت گرد کابینہ کے خلاف فوری قانونی کارروائی کریں۔
اپنے ایک جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین کے مظلوم عوام پر جاری ظلم و بربریت نے پوری دنیا کے انسانوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ اب تک 54 ہزار سے زائد بے گناہ فلسطینی شہید کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں سویڈن کی ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ کی قیادت میں یورپی شہریوں نے جس امدادی کشتی کے ذریعے غزہ کے محصورین تک انسانی امداد پہنچانے کی کوشش کی، وہ اس بات کی واضح دلیل ہے کہ دنیا اب دو واضح کیمپوں میں تقسیم ہو چکی ہے، ایک طرف مظلوم اور ان کے حامی، دوسری طرف ظالم اور ان کے پشت پناہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نیتن یاہو غزہ میں مکمل چھوٹ کے ساتھ قتل عام کر رہا ہے، وینزویلا
علامہ مقصود علی ڈومکی نے اسرائیلی نیول فورسز کی جانب سے پرامن امدادی کاروان کو روکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام عالمی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ، عالمی عدالت انصاف اور دیگر بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی وزیراعظم اور اس کی دہشت گرد کابینہ کے خلاف فوری قانونی کارروائی کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور اسرائیل آج کی دنیا کے فرعون و یزید بن چکے ہیں، اور پوری دنیا کے باضمیر افراد ان کے ظلم و استبداد کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں۔ سویڈن سمیت دنیا بھر کی حکومتوں کو چاہئے کہ اسرائیلی بربریت کی کھل کر مذمت کریں اور امدادی کاروان کے تمام اراکین کی فوری رہائی کا مطالبہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ خود غزہ کو "قحط زدہ علاقہ” قرار دے چکی ہے، اس کے باوجود انسانی امداد کو روکنا نہ صرف غیر انسانی فعل ہے بلکہ بین الاقوامی اصولوں کی تضحیک بھی ہے۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان مظلومین فلسطین کی غیر مشروط حمایت کو اپنا دینی، اخلاقی اور انسانی فریضہ سمجھتی ہے، اور دنیا بھر کے باضمیر انسانوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ مظلوموں کے حق میں اور ظالموں کے خلاف متحد ہو کر عملی کردار ادا کریں۔