سید حسن نصراللہ کی شہادت، القائم فاؤنڈیشن کراچی کے تحت تعزیتی جلسہ
شیعہ نیوز: القائم فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام شہید راہ قدس شہید سید حسن نصراللہ، شہدائے لبنان، شہدائے فلسطین اور شہدائے پاراچنار کی بلندی درجات کیلئے تعزیتی جلسے کا انعقاد بھوجانی ہال سولجر بازار کراچی میں کیا گیا۔ جلسے سے مولانا سید حسن ظفر نقوی اور مولانا محمد امین شہیدی نے خطاب کیا، جبکہ معروف منقبت و نوحہ خواں علی صفدر رضوی اور احمد رضا ناصری نے ترانہ شہادت پیش کئے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ امین شہیدی نے کہا کہ آج غزہ کا ہر بچہ شہید حسن نصراللہ کو یاد کر رہا ہے، شہید حسن نصراللہ کی آواز و فکر کو ہر شخص تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تشیع کی ان کامیابیوں کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، آج عالم اسلام کا پرچم رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے اٹھایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بیدار ہو چکی ہے، شہید حسن نصراللہ کے خون نے عالم اسلام کو تازہ بیداری دی ہے، شہید حسن نصراللہ کربلائی روح کے حامل انسان تھے۔
تعزیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا حسن ظفر نقوی نے کہا کہ بعض افراد جن کا اس معرکہ سے کوئی تعلق نہیں ہے، وہ لوگوں میں مایوسی پھیلانے کیلئے سرگرم ہیں، لیکن اسلامی جمہوری ایران کے اسرائیل پر حالیہ کامیاب حملے نے ان منفی پروپیگنڈہ کرنے والوں کے منہ بند کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے دنیا کے سامنے آ کر نماز جمعہ کی امامت کی، رہبر معظم کی جانب سے یہ قدم شجاعت کا عظیم مظاہرہ ہے۔ جلسے میں نظامت کے فرائض مبشر حسن نے انجام دیئے۔ تعزیتی جلسے کا اختتام دعائے سلامتی امام زمانہ (عج) سے کیا گیا۔