شام، دہشت گردوں کو کہاں سے ملی ڈرون ٹکنالوجی؟ اہم انکشاف
شیعہ نیوز:دہشت گرد گروہ ترکستانی پارٹی نے جدید و پیشرفتہ ڈرون ٹیکنالوجی حاصل کر لی ہے۔
تسنیم نیوز کی رپورٹ کے مطابق، المیادین نیوز چینل نے اطلاع دی ہے کہ حاصل کردہ معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ جدید ڈرونز کے پرزے دہشت گرد گروہ ترکستانی جماعت اور کتیبہ المہاجرین پارٹی کو 3 ماہ قبل منتقل کیے گئے تھے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فرانس نے انہیں یہ ٹیکنالوجی فراہم کی ہے ۔
چینل نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ایسی اطلاعات ہیں کہ ترکستانی پارٹی کو ڈرونز موصول ہوئے ہیں اور حاصل کردہ معلومات سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ ترکستانی پارٹی اور کتیبہ المہاجرین دو گروہ ہیں جن کے پاس ڈرون ٹیکنالوجی ہے۔
المیادین نے مزید کہا کہ حاصل کردہ معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ حمص میں کیڈٹ کالج کو نشانہ بنانے سے قبل ترکستان پارٹی کے زیر کنٹرول علاقوں سے ایک ڈرون اڑایا گیا تھا۔
مذکورہ بالا معلومات کی بنیاد پر اور صوبہ حمص میں کیڈٹ کالج کی گریجویشن تقریب پر دہشت گردانہ حملے کے جواب میں آج صبح دہشت گرد گروہ ترکستانی جماعت اور کتیبۃ المہارجن کے ہیڈکوارٹرز اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
اطلاعات کے مطابق شامی اور روسی طیاروں نے حماۃ کے شمال مغرب اور ادلب کے مغربی مضافات میں واقع "سہل الغاب” میں ترکستان پارٹی کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔