شام، داعش کے ٹھکانوں سے بڑی مقدار میں تُرک اسلحہ برآمد
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شامی فوج کی جانب سے ادلب کے علاقے میں عالمی دہشتگرد تنظیم داعش اور النصرہ کے خلاف جاری آپریشن میں شامی فوج نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے بڑی مقدار میںترک اسلحہ برآمد کرلیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق عرب نیوز چینل المیادین کے مطابق شامی سکیورٹی فورسز نے جنوبی علاقوں میں موجود دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا ہے جس کا ایک بڑا حصہ ترک اسلحے پر مشتمل ہے۔
دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں برآمد ہونے والے اس ترک اسلحے میں انواع و اقسام کی بندوقیں، مشین گنیں، ٹینک کے گولے، زمین سے ہوا میں مار کرنے والے راکٹس اور مارٹر گولے شامل ہیں۔
شام کے جنوبی علاقوں میں موجود دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانوں سے اسلحے کے ساتھ ساتھ متعدد ڈرونز اور لمبے رینج کے حامل مواصلاتی سسٹمز بھی برآمد ہوئے ہیں۔
شامی ذرائع کے مطابق صوبہ ادلب میں موجود تُرک حمایت یافتہ بین الاقوامی دہشتگرد کندھے سے فائر کئے جانے والے امریکی و ترک ساختہ میزائلز، شامی و روسی جنگی طیاروں کو نشانہ بنانے کے لئے استعمال کرتے تھے۔
واضح رہے کہ شامی افواج اور عوامی مزاحمتی فورسز نے ڈیڑھ ماہ سے شام کے شمالی علاقوں میں امریکہ، اسرائیل اورترکی کے حمایت یافتہ تحریر الشام (جبہۃ النصرۃ) اور دوسرے دہشتگرد گروہوں کے خلاف وسیع اور انتہائی موثر آپریشن شروع کر رکھا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر شامی افواج کےفضائی حملوں میں اُن ٹھکانوں میں دہشتگردوں کی مدد کیلیئے موجود33 تُرک فوجی بھی ہلاک ہوگئے تھے۔