
عید پر مظلوم، محروم اور ضرورت مندوں کا خیال رکھا جائے، علامہ حسین مسعودی
شیعہ نیوز:عید پر مظلوم، محروم اور ضرورت مندوں کا خیال رکھا جائے، خصوصاً فلسطین، کشمیر اور یمن کے مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہار اور ان پر ہونے والے مظالم پر آواز بلند کی جائے کیونکہ اسلام فلاح انسانیت اور دکھی انسانیت سے ہمدردی کا درس دیتا ہے۔ یہ بات جعفریہ الائنس کے سینئر نائب صدر علامہ حسین مسعودی نے اپنے پیغام میں کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج امریکا، اسرائیل اور بھارت مسلمانوں پر مظالم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، فلسطینی مسلمانوں کا قتل عام، کشمیر کے مسلمانوں پر مظالم اور یمن کے مظلوم عوام پر طرح طرح کی پابندیوں نے ان سے جینے کا حق چھین لیا ہے، اس سلسلے میں مسلم حکمرانوں کو آواز بلند کرنا ہوگی اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کو بھی اس حق تلفی پر احتجاج کرنا ہوگا تاکہ مسلمان بھی عزت و آبرو کے ساتھ اپنی زندگیاں گزار سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ الحمد اللہ اس وقت رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای، آیت اللہ سید علی سیستانی اور سید حسن نصر اللہ کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں اور انہی مجاہدین کی وجہ سے آج اسلام اور دین کا پرچم سر بلند ہے۔