تہران، وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے حزب الله کے نمائندے کی ملاقات
شیعہ نیوز: لبنان کی مقاومتی تحریک حزب الله کے تہران میں نمائندے سید عبد الله صفی الدین نے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سید عبد الله صفی الدین نے وزارت خارجہ میں سید عباس عراقچی کی تعیناتی پر حزب الله کے سیکرٹری جنرل "سید حسن نصر الله” کی جانب سے مبارک کا پیغام پہنچایا اور نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ جس کے جواب میں سید عباس عراقچی نے بھی نہایت گرمجوشی سے حزب الله کے سربراہ کے مبارک بادی پیغام کا شکریہ ادا کیا اور انہیں سلام بھیجا۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی رژیم کے غاصبانہ قبضے کے خلاف خطے کے عوام اور مقاومت کی جائز و قانونی جدوجہد کی حمایت اسلامی جمہوریہ ایران کی اصولی پالیسی ہے۔ اس ملاقات میں لبنان میں اسرائیل مخالف محاذ سمیت فلسطین، غزہ اور مغربی کنارے کی تازہ ترین صورت حال کا جائزہ بھی لیا گیا۔