تہران: کشمیریوں کے حق میں اقوام متحدہ دفتر کے باہر مظاہرہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) کشمیر میں بھارت کے غیرقانونی اقدام کے خلاف ایرانی شہریوں کی بڑی تعداد نے تہران میں اقوام متحدہ دفتر کے باہرمظاہرہ کیا ہے۔
مظاہرین کی تعداد میں اکثریت یونیورسٹی کے طلباء کی تھی جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں مختلف بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے۔ پلے کارڈز پر بھارتی مظالم کی مذمت میں نعرے درج تھے۔
مظاہرین نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کو روکنے کے سلسلے میں اپنی انسانی اور اخلاقی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔
مظاہرین نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے پربھارت کےخلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے بھارتی مظالم اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی اور مسئلے کے حل کےلیے عالمی برادری سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھی تہران میں مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں بھارتی ایمبیسی کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا۔