صیہونی فوجیوں کی دہشت گردی، 14فلسطینیوں کو اغوا کرلیا
شیعہ نیوز:گزشتہ چند ماہ کے دوران فلسطینیوں کے خلاف صیہونی فوجیوں کے حملوں میں شدت آئی جس کے جواب میں فلسطینیوں نے بھی صیہونی اہداف کے خلاف مزاحمتی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔
فلسطین الیوم کے مطابق صیہونی فوجیوں نے پیر کی علی الصباح ، الخلیل، بیت لحم، البیرہ اور رام اللہ سمیت مغربی کنارے کے متعدد شہروں پر حملے کیے ہیں، فلسطینیوں کے گھروں کی تلاشی لی اور کم سے کم چودہ فلسطینیوں کو اغوا کرلیا ہے۔
اس حوالے سے القدس بریگیڈ کی جنین شاخ نے کہا ہے کہ ہمارے مجاہدین نے الہدف نامی علاقے کے اطراف میں، متعدد صیہونی فوجیوں کو فائرنگ کا نشانہ بناکر زخمی کردیا ہے۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے بیت لحم کے الدہیشہ کیمپ پر حملہ اور فلسطینیوں کی ممکنہ مزاحمت کے خوف سے اندھا دھند فائرنگ کی جس کی زد میں آکر ایک فلسطینی شہید اور چھے دیگر زخمی ہوگئے۔
شہید ہونے والے فلسطینی عمر مناع حال ہی میں اسرائیلی قید سے آزاد ہوکر آیا تھا۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے جنین کے فلسطینی کیمپ پر حملہ کرکے، حماس کے اسیر رہنما بسام السعدی کے بیٹے یحی السعدی کو بھی اغوا کرلیا ہے۔
قابل ذکرہے کہ شیخ بسام السعدی کافی عرصے سے صیہونی حکومت کی جیل میں بند ہیں اور ان کی مدت اسارت میں کئی بار توسیع کی جاچکی ہے۔
غرب اردن کے مختلف علاقوں میں غاصب صیہونی فوجیوں کے مجرمانہ اقدامات کے جواب میں فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائیوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
گزشتہ دنوں فلسطینی مجاہدین نے صیہونیوں کی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے مقبوضہ فلسطین کے علاقے صوفا میں اسرائیلی فوج کے ایک مرکز کو راکٹوں سے نشانہ بنایا تھا۔
اس حملے کے بعد غزہ کے جنوب میں واقع صیہونی بستیوں میں خطرے کےسائرن بجائے گئے تھے۔
صیہونی حکومت کے سیاسی اور فوجی حکام، فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائیوں کے مقابلے میں اپنی ناتوانی کا اعتراف کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔