ملک کے تمام بڑے ریلوے اسٹیشنز پر دہشتگردی کا خدشہ
شیعہ نیوز: آئی جی ریلوے پولیس فیصل شاہکار نے ممکنہ دہشتگردی کے پیش نظر ملک بھر میں تمام بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر گداگروں کا داخلہ بند کرنے اور حفاظتی اقدامات سخت کرنے کی ہدایت جاری کردی ہیں۔ آئی جی ریلوے پولیس فیصل شاہکار نے تمام ایس پیز کو مراسلہ جاری کر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے وزارت داخلہ کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ممکنہ دہشتگردی کے پیش نظر ملک بھر کے تمام بڑے ریلوے اسٹیشنوں لاہور، کراچی، راولپنڈی، کوئٹہ، سکھر، پشاور اور ملتان ریلوے اسٹیشن سمیت دیگر اہم اسٹیشنوں کی حدود میں سکیورٹی کے حوالے سے کسی بھی گداگر مرد، خواتین اور بچوں کا مکمل طور پر داخل بند کر دیا جائے۔ آئی جی نے کہا کہ کسی بھی گداگر کو ریلوے پلیٹ فارموں پر جانے نہ دیا جائے، ریلوے اسٹیشن کے داخلی اور باہر نکلنے والے راستوں کو مکمل طور پر کلیئر رکھا جائے، ڈراپ لائن اور مسافروں کو لینے آنیوالے افراد مقرر کردہ لائنوں میں رہیں۔
آئی جی ریلوے پولیس نے لیڈیز پولیس کمانڈوز کو ریلوے پلیٹ فارموں پر خواتین اور بچوں کے سامان کی میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے چیکنگ کرنے اور کلوز سرکٹ کیمروں کی مدد سے پلیٹ فارموں پر مشکوک سامان اور افراد پر نظر رکھنے کی ہدایت دی اور کہا مشکوک حرکات کرنیوالے افراد اور سامان کی بروقت اطلاع ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کو دی جائے۔ ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو بھی سکیورٹی کے معاملات کو چیک کرنے اور اہلکاروں کو الرٹ رکھنے کیلئے دن اور رات کے مختلف اوقات میں چیک کرتے رہیں۔
آئی جی نے کہا ہے کہ سکیورٹی کے معاملات میں کسی بھی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ آئی جی ریلوے پولیس فیصل شاہکار نے کہا ہے موجودہ حالات کے پیش نظر ریلوے سٹیشنوں کے اندر اور اس کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں، سکیورٹی معاملات میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی اور تمام اہلکاروں کو ذمہ داری کیساتھ ڈیوٹی فرائض سرانجام دینے ہوں گے۔