دہشتگردی عراق کیلئے زہر قاتل ہے : مقتدی صدر
شیعہ نیوز: صدر دھڑے کے رہنما مقتدی صدر نے کہا ہے کہ ہتھیار صرف حکومت کے پاس ہونے چاہئیں اور مسلح افراد سے ہتھیار لینے اور انھیں غیر مسلح کرنے کیلئے سنجیدہ اقدام کرنے کی ضرورت ہے۔
مقتدی صدر نے کہا کہ داعش کی مخمور علاقے میں واپسی اور سرگرمیاں اور بصرہ میں بم دھماکے اور اسی طرح عراق کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ سے اس ملک کے حالات کے بحرانی ہونے کی نشاندہی ہوتی ہے اور اس قسم کی کارروائیاں انتخابات سے قبل ہسپتالوںاور پبلک مقامات پر ہونے والوں حملوں کی یاد دلاتی ہیں۔
اس سے قبل عراق میں ہونے والے انتخابات کے نتائج کے حوالے سےصدر دھڑے کے لیڈر نے سبھی لوگوں سے تحمل سے کام لینے اور انتخابات کے نتائج پر اعتراض کرنے کے لئے قانونی راستہ اختیار کرنے کی اپیل کی تھی۔
مقتدی صدر نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عراقی عوام ایک قومی حکومت کی تشکیل چاہتے ہیں تا کہ اس ملک میں امن و امان اور قانون کی بالا دستی ہو۔
واضح رہے کہ عراقی پارلیمنٹ کے انتخابات کے نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی بہت سی پارٹیوں اور انتخابی امیدواروں نے الیکشن کمیشن کے اعلان کردہ نتائج پراعتراض کرتے ہوئے نتائج کے اعلان میں شفافیت کا مطالبہ کیا۔
عراق میں عام انتخابات میں صدر دھڑے کو 73 سیٹیں ملیں۔