کمرہ عدالت کے اندرتوہین رسالت کے ملزم کو قتل کردیا گیا
شیعہ نیوز (پاکستانی خبر رساں ادار ہ )پاکستان کے شہر پشاور میں جوڈیشل کمپلیکس میں کمرہ عدالت کے اندرجج کے سامنے توہین رسالت کے ملزم کو قتل کردیا گیا۔ قتل کے واقعہ کے بعدمتعلقہ عدالت میں مقدمات پر سماعت معطل کردی گئی۔ فائرنگ کے واقعہ سے عدالت میں بھگدڑ مچ گئی جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی عدالت پہنچ گئی اور کمرہ عدالت کو سیل کرکے ملزم کو گرفتارکرلیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق گزشتہ روز توہین رسالت کے مبینہ کیس میں 56سالہ طاہر احمد نسیم کمرہ عدالت میں موجود تھا اس دوران ایک نوجوان کمرہ عدالت میں داخل ہوااور فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں طاہر احمد نسیم گولیاں لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
ایڈیشنل سیشن جج پشاورشوکت اللہ شاہ کی عدالت میں دوپہر تقریبا 12بجے فائرنگ کے دوران عدالت میں بھگدڑ مچ گئی اورکمرہ عدالت میں موجود عملے سمیت عدالت آنے والے سائلین میں خوف وہراس پھیل گیا۔ قتل کی واردات کے بعد عدالتی کارروائی بھی روک دی گئی ،جس کی وجہ سےکئی مقدمات پر سماعت نہ ہوسکی اور ان پر سماعت ملتوی کی گئی۔
معلوم ہواہے کہ بورڈ بازار کے رہائشی ملزم خالد نے گرفتاری کے وقت پستول سے فائرنگ کرکے طاہر احمد کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ۔ایس پی کینٹ حسن جہانگیر کے مطابق پولیس جوڈیشل کمپلیکس میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے فوٹیج کی مدد سے معلومات حاصل کر رہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس مبینہ قاتل سے بھیِ تحقیقات کر رہی ہے کہ انہیں پستول کہاں سے ملی ۔