امریکی و برطانوی جارحیت کے سامنے خاموش نہیں رہ سکتے، محمد علی الحوثی
شیعہ نیوز: آج صبح یمن پر امریکہ و برطانیہ نے اپنے دیگر اتحادیوں کی مدد سے فضائی حملے انجام دیے، جس پر یمن کی مقاومتی تحریک "انصار اللہ” کے سینئر رہنماء "محمد علی الحوثی” نے اپنے رد عمل میں کہا کہ ہماری فورسز امریکہ و برطانیہ کی اس جارحیت کا شدید جواب دیں گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار المیادین کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ اس دوران محمد علی الحوثی نے کہا کہ ہم امریکی و اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں خاموش نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے امریکہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم دنیا میں خوشحالی نہیں بلکہ تباہی کے محافظ ہو۔ یاد رہے کہ یمنی فورسز نے فلسطین کی حمایت میں بحیرہ احمر و "باب المندب” سے کسی بھی اسرائیلی بحری جہاز یا مقبوضہ فلسطین جانے والے ہر بحری جہاز کو وارننگ دے رکھی ہے۔
انصار اللہ کے سینئر رہنماء نے کہا کہ یمنی فورسز اسرائیلی بحری جہازوں پر اپنے حملے جاری رکھیں گی اور غزہ میں صیہونی جاریت کا جواب دیتی رہیں گی۔ یہاں یہ امر قابل غور ہے کہ صنعاء دنیا میں انسانی ضمیر کو جھنجوڑنے والی واحد آواز ہے۔ اپنی گفتگو کے ایک دوسرے حصے میں محمد علی الحوثی نے کہا کہ جب ہم فلسطین کی مدد کے سلسلے میں اس جنگ میں کودے تو ہمیں پتہ تھا کہ ہمارا دشمن ایک ہی ہے چاہے وہ اسرائیل ہو یا امریکہ۔ دوسری جانب یمنی مسلح افواج کے ترجمان "یحییٰ سریع” نے امریکی اتحاد کے حملوں پر اپنے رد عمل میں کہا کہ اس جارحیت کا حتمی جواب دیا جائے گا۔ یہ بھی یاد رہے کہ امریکہ اس سے قبل بھی اپنے اتحادیوں کے ساتھ یمن کے مختلف علاقوں پر حملے کر چکا ہے۔ جس کے جواب میں یمنی افواج نے بحیرہ احمر میں موجود امریکی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا۔