
طالبان کو عام معافی کا اعلان شہداء کے خون سے غداری ہے، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز:سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے طالبان کو عام معافی کا اعلان شہداء کے خون سے غداری ہے، شمالی وزیرستان میں شہید ہونیوالے فوجی جوان قوم کا فخر ہیں، طالبان نے پاک فوج پر حملہ کرکے بددیانتی کا ثبوت دیا، طالبان قابل بھروسہ نہیں، پوری قوم کو اعتماد میں لئے بغیر جذباتی فیصلہ کیا، طالبان کو عام معافی دی گئی تو بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں پاکستانیوں کو شہید کرنے والوں کو معاف کرنے کا فیصلہ کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، طالبان کو معاف کرنے کا فیصلہ فوج، شہداء اور ہزاروں پاکستانیوں کے خون سے غداری ہے، قوم کو مکمل طور پر اندھیرے میں رکھا جا رہا پے۔
انہوں نے کہا کہ طالبان نے معصوم بچوں، عورتوں، جوانوں اور بزرگوں کو شہید کیا، خون کی ہولی کھیلنے والے، ملک کا امن تباہ کرنیوالے کسی معافی کے حقدار نہیں، مزارات، امام بارگاہوں، مساجد اور مذہبی عبادات والی جگہوں کو بم دھماکے سے اڑانے والوں کو سخت سزائیں دی جائیں۔ قوم کا بیانیہ "دہشتگردی ناقابل معافی” ہے۔ کسی ظالمانہ فعل کی قطعی طور پر حمایت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ علمیہ اچھرہ لاہور میں سنی اتحاد کونسل کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومت کا طالبان کے لئے نرم گوشہ باعت تشویش ہے۔ اسلام کا نام لے کر دہشتگردی کرنے والے اسلام کے غدار اور ریاست کے باغی ہیں۔ داتا دربار، دربار بابا فرید، رحمان بابا کے مزار، ڈاکٹر سرفراز نعیمی کو بم دھماکوں میں شہید کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ طالبانزیشن اور دہشتگردی کیخلاف جدوجہد کرنیوالے بانی قائد صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، قوم نے دہشتگردی سے پیدا ہونیوالی صورتحال کا بہت بڑا خمیازہ بھگتا ہے۔ ریاست کیخلاف مسلح جدوجہد کرنیوالے اسلام اور پاکستان کے غدار ہیں۔ جن پر بغاوت کے مقدمات قائم کیے جانے چاہیں، ان کو گلے سے لگایا گیا تو ملک میں دہشتگردی کی نئی لہر شروع ہوگی۔ صاحبزادہ حامد رضا نے شمالی وزیرستان میں شہید ہونیوالے جوانوں کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت و ہمدردی کیا اور شہداء کے اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔