صیہونی فوج کے رفح پر حملے، غزہ میں مکانات پر بمباری، 100 سے زائد فلسطینی شہید
شیعہ نیوز: اسرائیلی فوج نے رفح کے محفوظ زون پر حملے شروع کر دیئے، رات بھر گولہ باری اور غزہ شہر میں مکانات پر بمباری سے 28 فلسطینی شہید ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے رفح پر حملے شروع کر دیئے جبکہ خان یونس میں ہلال احمر کے ہیڈ کوارٹر پر اسموک بم پھینکے۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں 110 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے۔ دوسری جانب القسام بریگیڈز نے غزہ شہر میں مارٹر گولوں سے اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا تو اسرائیلی فوج نے غزہ میں حماس مخالف تحریروں کے پمفلٹ گرانے شروع کر دیئے۔ اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کا ہیڈکوارٹر تباہ کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے جبکہ اسرائیلی فوج نے چھاپہ مار کارروائیوں میں مغربی کنارے سے 12 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔ ادھر غزہ میں جنگ بندی کے لیے کوششیں جاری ہیں، ترکیہ کے انٹیلی جنس سربراہ نے قطر میں حماس رہنماء اسماعیل ہنیہ سے ملاقات کی، جس میں غزہ میں امداد اور قیدیوں کی رہائی پر بھی بات ہوئی۔
جرمن وزیر خارجہ اینالینا بائر بوک نے ہزاروں فلسطینیوں کے قتل میں ملوث اسرائیل کی جانب سے رفح کے محفوظ زون میں فوجی آپریشن پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ جرمن وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ رفح بارڈر میں موجود ہزاروں پناہ گزینوں میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے، رفح کے محفوظ زون میں اسرائیلی فوجی آپریشن کا کوئی جواز نہیں ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشنر و الکر ترک نے بھی رفح میں اسرائیلی فوجی آپریشن کے منصوبے پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رفح میں 15 لاکھ فلسطینی پناہ گزین ہیں، اسرائیلی فوجی منصوبے نے شہریوں کیلئے خطرات پیدا کر دیئے ہیں واضح رہے کہ7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں اب تک 27 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 65 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں، اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیلی حملوں کے باعث غزہ ناقابل رہائش ہوچکا ہے اور غزہ کی 80 فیصد سے زائد آبادی نقل مکانی کرچکی ہے۔