مضامینہفتہ کی اہم خبریں

بنی عباس نے بھی آل رسول (ص) کےساتھ بنی امیہ جیسا ہی ظالمانہ سلوک روا رکھا

شیعہ نیوز: دنیاوی اقتدار کی خاطر بنی عباس نے بھی پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی (ص) کی آل کے ساتھ وہی ظالمانہ سلوک روا رکھا جس کی بنیاد بنی امیہ نے ڈالی تھی ۔ حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی ولادت باسعادت ۱۲۸ہجری قمری میں مدینہ کے قریب مقام ” ابواء” میں اور آپ کی شہادت 25 رجب سنہ 183 ہجری قمری میں ہوئی ۔ امام کاظم (ع) نے اسلامی تعلیمات کی ترویج کے ساتھ عباسی حکومت کے خلاف جد و جہد بھی جاری رکھی۔ آپ نے بیس سال اپنے والد ماجد حضرت امام صادق (ع) کے ساتھ گزارے اور امام صادق (ع) کی شہادت کے بعد 35 سال تک مسلمانوں کی امامت و ہدایت کی فرائض انجام دیتے رہے ۔ آپ نے اس راہ میں بہت سی مشکلات اور صعوبتیں برداشت کیں۔ آپ (ع) کے علم سے فیضیاب ہونے والے بہت سے شاگردوں نے اسلامی علوم و تعلیمات کوپوری دنیا میں رائج کیا۔ جب حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام نے جب فرائض امامت سنبھالے اس وقت عباسی خلیفہ منصوردوانقی بادشاہ تھا یہ وہی ظالم بادشاہ تھا. جس کے ہاتھوں بے شمارسادات مظالم کا نشانہ بن چکے تھے .سادات زندہ دیواروں میں چنوائے گئے یا قید کردیئے گئے تھے۔ علامہ شبلنجی لکھتے ہیں کہ اورہارون رشید نے حضرت امام موسی کاظم (ع) کو بغدادمیں عمربھرقید میں رکھا۔ بصرہ کے حاکم عیسی بن جعفر نے جب ہارون الرشید کی طرف سے امام موسی کاظم علیہ السلام کو قتل کرنے کے خفیہ حکم پر عمل نہیں کیا تو ہارون الرشید نے یہ کام سندی بن شاہک کے حوالے کردیا ۔

ہارون رشیدن نے امام موسی بن جعفر(ع) کو بصرہ میں ایک سال قید رکھنے کے بعدعیسی ابن جعفروالی بصرہ کو خظ لکھاکہ امام موسی کاظم کوقتل کرکے بادشاہ کوان کے وجودسے سکون دے دے تواس نے اپنے مشیروں سے مشورہ کے بعدہارون رشیدکو جواب میں لکھاکہ اے بادشاہ امام موسی کاظم علیہ السلام میں، میں نے اس ایک سال کے عرصہ میں کوئی برائی نہیں دیکھی یہ شب وروزنماز اور روزہ میں مصروف ومشغول رہتے ہیں عوام اورحکومت کے لیے دعائے خیرکیاکرتے ہیں اورملک کی فلاح وبہبود کے متمنی ہیں بھلامجھ سے کیونکرہوسکتاہے کہ میں انہیں قتل کرکے اپنی عاقبت خراب کروں۔

” اے بادشاہ ! میں ان کے قتل کرنے میں اپنے انجام اوراپنی عاقبت کی تباہی دیکھ رہاہوں اورسخت خوف محسوس کرتاہوں، لہذاتومجھے اس گناہ عظیم کے ارتکاب سے معاف کربلکہ مجھے حکم دیدے کہ میں انہیں قیدمشقت سے آزادکردوں اس خط کے پانے کے بعدہارون رشیدنے آخر میں یہ کام سندی بن شاہک کے حوالہ کیا اوراسی سے آپ کوزہردلواکرشہیدکرادیا ، زہرکھانے کے بعدآپ تین روزتک تڑپتے رہے، یہاں تک کہ درجہ شہادت پر فائز ہوگئے۔(1)

علامہ جامی لکھتے ہیں کہ زہرکھاتے ہی آپ نے فرمایاکہ آج مجھے زہردیاگیا ہے کل میرابدن زردہوجائےگا اورتیسرے دن میرا بدن سیاہ ہوگا اور میں اسی دن اس دنیاسے رخصت ہوجاؤں گاچنانچہ ایساہی ہوا(2)

علامہ ابن حجرمکی لکھتے ہیں کہ ہارون رشیدنے آپ کوبغدادمیں قیدکردیا ”فلم یخرج من حبسہ الامیتامقیدا“ اورتاحیات قید میں رکھا، آپ کی شہادت کے بعد ہتھکڑی اوربیڑی کٹوائی گئی آپ کی شہادت ہارون رشید کے زہرسے ہوئی جواس نے ابن شاہک کے ذریعہ سے دلوایا تھا جب آپ کوکھانے یاخرمہ میں زہردیاگیاتوآپ تین روزتک تڑپتے رہے یہاں تک کہ شہید ہو گئے۔(3)

علامہ ابن الساعی علی بن انجب بغدادی لکھتے ہیں کہ آپ کوزہرسے انتہائی مظلومی کی حالت میں شہیدکردیاگیا۔

علامہ جامی لکھتے ہیں کہ آپ کوہارون رشیدنے بغدادمیں لاکرتاعمرقیدرکھاآخرمیں اپنے وزیراعظم یحیی برمکی کے ذریعہ سے قیدخانہ میں زہردلوادیااورآپ شہید ہوگئے۔

علامہ مجلسی لکھتے ہیں کہ آپ کوکئی مرتبہ زہردیاگیالیکن آپ ہربارمحفوظ رہے ایک مرتبہ آپ نے وہ خرمہ اٹھاکرجس میں زہرتھا زمیں پرپھینک دیاجسے ہارون کے کتے نے کھالیااوروہ مرگیا کتے کے مرنے کی خبرسے ہارون رشیدکو شدید رنج ہوااوراس نے خادم سے سخت بازپرس کی. دنیاوی اقتدار کی خاطر بنی عباس نے بھی پیغمبر اسلام کی اولاد کے ساتھ وہی راستہ اختیار کیا جس کی داغ بیل بنی امیہ نے ڈالی تھی ۔ پیغمبر اسلام کے اہلبیت (ع) پر ظلم و ستم ڈھانے میں بنی امیہ اور بنی عباس نے ایک ہی جیسا کردار ادا کیا تاریخ میں جس کے واضح شواہد موجود ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

1) نورالابصار ص ۱۳۷) ۔

2) شواہدالنبوت ص ۱۹۳) ۔

3) صواعق محرقہ ۱۳۲،ارحج المطالب ص ۴۵۴)

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button