
مسجد اقصیٰ میں تلمودی رسومات کے مطابق قربانی کی سازش شدید اشتعال انگیزی ہے، الشیخ عکرمہ صبری
شیعہ نیوز: مسجد اقصیٰ کے خطیب الشیخ عکرمہ صبری نے متعصب یہودیوں کی جانب سے مسجد اقصیٰ کے صحنوں میں قربانی کے جانور داخل کرنے کی کوشش کو شدید اشتعال انگیز اقدام قرار دیا ہے، جس سے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کی گھناؤنی کوشش کی گئی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الشیخ عکرمہ صبری نے مسجد کے محافظوں اور وہاں موجود مرابطین کی جرات مندانہ کارروائی کو سراہا، جنہوں نے اس ناپاک کوشش کو ناکام بنا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عمل سراسر اشتعال انگیزی پر مبنی ہے، جس کا مقصد صرف اور صرف مسلمانوں کو اذیت دینا اور مقدس مقامات کی توہین کرنا ہے۔
خطیب مسجد اقصیٰ نے دوٹوک انداز میں کہا کہ مسجد اقصیٰ صرف اور صرف مسلمانوں کی عبادت گاہ ہے اور قابض یہودیوں کی جانب سے اس پر کسی قسم کا تسلط یا "اسٹیٹس کو” مسلط کرنے کی کوئی بھی کوشش قابلِ قبول نہیں اور اس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ انصار اللہ کا مقابلہ کرنے میں بری طرح امریکہ ناکام رہا، نیویارک ٹائمز
انہوں نے خبردار کیا کہ ایسے مجرمانہ اقدامات درحقیقت مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی قبضے کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کی سازش کا حصہ ہیں، جسے کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ کل سوموار کی صبح مسجد اقصیٰ کے محافظوں نے ایک بار پھر قابض اسرائیلی فوج اور پولیس کی پشت پناہی میں داخل ہونے والے متشدد آبادکاروں کی ایک سازش ناکام بنا دی۔ آبادکار ایک چھوٹے بکرے کو چھپا کر مسجد میں لانے کی کوشش کر رہے تھے تاکہ اسے مسجد کے احاطے میں قربان کیا جا سکے۔ اس بات کی تصدیق مقبوضہ بیت المقدس کے گورنر کے میڈیا مشیر معروف الرفاعی نے بھی کی ہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب صیہونی گروہ ” ہیكل تنظیمات اتحاد” مسجد اقصیٰ پر یلغار کے اپنے منصوبوں کو تیز کر رہے ہیں اور آبادکاروں کو مزید منظم انداز میں مسجد پر حملے کے لیے اکسا رہے ہیں۔