متنازع ترمیمی بل پرامن اور اتحاد و وحدت کی خوبصورت فضا کو خراب کرنے کی سازش ہے:علامہ واحدی
شیعہ نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ متنازع ترمیمی بل اس ملک کی پرامن اور اتحاد و وحدت کی خوبصورت فضا کو خراب کرنے کی سازش ہے، جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ ریاست پاکستان، سینیٹ کے ممبران اور ایوان صدر کو متوجہ کرتے ہیں کہ شدت پسند کالعدم گروہ کی طرف سے ایجاد کی ہوئی فرقہ وارانہ فضا کو اس ملک میں نہ پنپنے دیں۔ یہ ملک پوری قوم کا ہے، اس کو مسلکی ملک نہ بننے دیں۔ اہلبیت اطہار اور صحابہ کرام کی توہین کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا، یہ توہین توہین کہہ کر چلّانا ایک خوفناک ڈرامہ ہے، جس کے خاص مقاصد ہیں۔ ایک مسلک کی سوچ سب پر مسلط نہیں ہونے دیں۔ متوجہ رہیں کہ قانون وہ ہوتا ہے، جس کو پوری قوم تسلیم کرے، ایک گروہ کی سوچ کو مسلط نہیں کرنے دیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ توہین اور تنقید کو الگ الگ کرکے دیکھیں۔ شیعہ اور سنی کے درمیان امامت و خلافت کا اختلاف صدیوں سے ہے اور رہے گا۔ ہم سب کا احترام کرتے ہیں، اپنے عمل سے ہمیشہ ثابت کیا ہے، مگر پیغمبر اسلام (ص) کے بعد ان کے جانشین اور خلیفہ بلافصل صرف اور صرف حضرت امیرالمومنین امام المتقین علی ابن ابیطالب علیہ السلام کو سمجھتے ہیں، یہ کسی کی توہین نہیں بلکہ ہمارا بنیادی عقیدہ ہے۔ علاوہ ازیں بالکل واضح ہے کہ تمام امت کا مسلمہ عقیدہ ہے کہ اہلبیت اطہار علیھم السلام اور صحابہ کرام کے قاتلوں اور ان کی توہین کرنے والوں کو مقدسات میں شمار نہیں کیا جا سکتا۔