ملک میں ایک جمہوری حکومت کی بجائے مافیاز کا راج ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی خبر رساں ادار ہ )مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر زیدی نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں ایک جمہوری حکومت کی بجائے مافیاز کا راج ہے، حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ اپنے ایک بیان میں علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ عوام نے تحریک انصاف سے جو امیدیں وابستہ کر رکھیں تھیں، اس میں انہیں شدید مایوسی کا سامنا ہوا، آئے روز اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ پی ٹی آئی حکومت کی انتظامی معاملات میں ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹا چینی، گھی ہر گھر کی بنیادی ضرورت ہے، لیکن گزشتہ چند ماہ میں ان اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں، ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی خبریں بھی گردش میں ہیں، ایسی صورتحال میں عام آدمی کی زندگی اذیت بن کر رہے گی۔
علامہ باقر زیدی نے کہا کہ عوام کو گھر، روزگار، باوقار مقام دلانے کے سارے نعرے محض انتخابی ڈھونگ ثابت ہوئے ہیں، تحریک انصاف اپنی مقبولیت کھو چکی ہے، اگر عوامی مسائل حل نہ کیے گئے، تو آئندہ الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدواروں کو ہر حلقے سے سخت ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی توجہ عوامی مسائل پر مرکوز کرے اور عوام کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔ علامہ باقر عباس زیدی نے پاراچنار سبزی بازار میں دہشتگردوں کی جانب سے کئے جانے والے دھماکے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر سے ملک دشمن قوتیں پُرامن پارا چنار کا امن سبوتاز کرنے کے درپے ہیں، وفاقی حکومت اور آرمی چیف کرم ایجنسی پاراچنار میں دہشتگردانہ کارروائی کا فوری نوٹس لیں۔