مجرموں کو رہا اور ملک کے بیٹوں کو لاپتہ کر دیا گیا، ناصر عباس شیرازی
شیعہ نیوز:مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین پاکستان کا محافظ ہے، پاکستان کے آئیں کے مطابق ہر شہری آزاد سفر کرسکتا ہے، مگر پاکستان میں سب کو ایک جیسی سہولیات میسر نہیں، جبری گمشدگی کا سلسلہ جاری ہے، جبری گمشدگی میں ملوث لوگ ملک کی خدمت نہیں کر رہے، ملک میں آئین کی سربلندی کا مسئلہ ہے، مسنگ پرسن بنانے کا سلسلہ اب ختم ہو جانا چاہیئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ شہید مطہری ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ سلطان احمد نقوی، مولانا وسیم عباس معصومی، مولانا ہادی حسین، مولانا سبطین نجفی، مولانا غلام جعفر انصاری، مولانا فرمان علی صفدری اور آئی ایس او ملتان کے ڈویژنل صدر ثقلین ظفر موجود تھے۔
سید ناصر عباس شیرازی کا مزید کہنا تھا کہ ہم آئین اور قانون کی سربلندی چاہتے ہیں، کوئی قانون سے بالاتر نہیں، کچھ لوگ ملک کے آئین کو پامال کر رہے ہیں، کوئی مجرم احسان اللہ احسان سے بڑا نہیں، مجرموں کو رہا جبکہ ملک کے بیٹوں کو لاپتہ کر دیا گیا، اتوار کو ملک بھر میں مظاہرے ہونگے، پانچ کروڑ افراد لاپتہ افراد کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پنجاب، کراچی، بلوچستان سے لاپتہ افراد کو فوری رہا کیا جائے، ہم لاپتہ افراد کی حرمت کو پامال نہیں ہونے دیں گے، حکومت لاپتہ افراد کو فورا رہا کرے۔
سید ناصر عباس شیرازی نے مزید کہا کہ پاکستان کے آئینی ادارے پولیس اور عدلیہ کے ہوتے ہوئے مسنگ پرسن کا ایشو ریاستی اداروں کی بدنامی کا سبب بن رہا ہے ہے، اگر کسی نے کوئی جرم کیا ہے تو اسے علی الاعلان پولیس گرفتار کرے، اس کے خلاف اس کے جرم کے مطابق مقدمہ درج کریں اور اسے عدالتوں میں پیش کیا جائے، ہم کسی مجرم کی حمایت کے لیے نہیں نکلے بلکہ ان بے قصور لوگوں کی آواز بن کر نکلے ہیں کہ جن کی فریاد سننے والا کوئی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیئے جائیں گے۔ ملتان میں خواتین اور معصوم بچے چونگی نمبر 6 احتجاجی دھرنا دیں گے۔