![](https://shianews.com.pk/wp-content/uploads/2022/10/riyaz-2.gif)
کشمیری رہنما مولانا عباس انصاری کا انتقال امت مسلمہ کا عظیم نقصان ہے، علامہ حافظ ریاض نجفی
شیعہ نیوز: وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ ریاض حسین نجفی، سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری اور نائب صدر علامہ مرید حسین نقوی نے معروف کشمیری رہنما مولانا محمد عباس انصاری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے امت مسلمہ بالخصوص کشمیری عوام کا عظیم نقصان قرار دیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ مولانا محمد عباس انصاری انتہائی معتدل، متحرک عالم دین اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے زیرتسلط محکوم عوام کی مضبوط آواز تھے۔مرحوم تحریک آزادی کشمیر کے عظیم رہنما تھے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی تحریک آزادی کشمیر اور اتحاد بین المسلمین کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ وہ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین بھی رہے اور بھارت سے آزادی کی کشمیری تحریک میں نمایاں کردار ادا کرتے رہے۔
رہنماوں نے کہا کہ مولانا عباس انصاری نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو دنیا بھر میں بے نقاب کیا اور اپنی تمام عمر اس آواز کو زندہ رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا عباس انصاری کے انتقال سے عالم اسلام عظیم مجاہد عالم دین اور سیاسی شخصیت سے محروم ہو گیا ہے۔ دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے۔ وہ اتحاد بین المسلمین کے بہت بڑے داعی تھے، جنہوں نے اسلامی تبلیغات کے فروغ میں بہت نمایاں کردار ادا کیا۔ اور دعاگو ہیں کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو مکمل آزادی حاصل ہو تاکہ مولانا عباس انصاری کا مشن پورا ہو سکے۔