
علم و تبلیغ کا فریضہ صرف علماء تک محدود نہیں، بلکہ ہر ذی شعور فرد پر لازم ہے، مولانا علی رضا رضوی
عصر حاضر میں جب دنیاوی علوم کو فروغ دینے والے ادارے اپنی افادیت ثابت کر رہے ہیں، ہمیں بھی دینی اقدار کو معاشرے میں اجاگر کرنے کے لیے منظم کوششیں کرنی ہوں گی
شیعہ نیوز: مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام تین روزہ “بقیتہ اللہ مرکزی کنونشن” کے دوران ایک عظیم الشان قومی عزاداری کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے عاشقان اہل بیتؑ، علماء کرام، منقبت و نوحہ خوانان اور دیگر معزز شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
کانفرنس سے ممتاز عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید علی رضا رضوی نے فکر انگیز خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم و تبلیغ کا فریضہ صرف علمائے کرام تک محدود نہیں بلکہ ہر ذی شعور فرد پر لازم ہے کہ وہ دین اسلام کے پیغام کو اخلاص اور حکمت کے ساتھ عام کرے۔ انہوں نے کہا کہ عصر حاضر میں جب دنیاوی علوم کو فروغ دینے والے ادارے اپنی افادیت ثابت کر رہے ہیں تو علماء کو دینی اقدار کو معاشرے میں اجاگر کرنے کے لیے منظم کوششیں کرنی ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی منڈی میں تیل کی کم قیمتوں کا فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے، علامہ ساجد علی نقوی
انہوں نے مزید کہا کہ عزاداری سید الشہداءؑ نہ صرف ہمارے عقیدے کی بنیاد ہے بلکہ یہ دین اسلام کے تحفظ اور سربلندی کی علامت بھی ہے۔ ہر عالم و مبلغ کو چاہیے کہ وہ اپنی گفتار و کردار سے اس مقدس مشن کا امین بنے اور اس لباس کو، جو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اہل بیتؑ کی نسبت رکھتا ہے، اس کے تقدس کے مطابق معاشرے میں متعارف کروائے۔
کانفرنس میں عالمی شہرت یافتہ نوحہ خواں جناب شادمان رضا نے پُراثر نوحہ خوانی کی جس نے شرکاء کو انتہائی جذباتی ماحول میں مبتلا کر دیا۔ اس قومی عزاداری کانفرنس کا مقصد نہ صرف عزاداری کے شعائر کو فروغ دینا تھا، بلکہ وحدت، اخوت، اور باہمی احترام کے جذبے کو بھی اجاگر کرنا تھا۔