اتحاد امت کی کوششیں استعمار کے چہرے پر طمانچہ ہیں، علامہ امین شہیدی
شیعہ نیوز : جامعۃ العسکریہ ہنگو کی انتظامیہ کی جانب سے میلاد النبی (ص) اور مدرسہ کے بانی اور بزرگ عالم دین علامہ شیخ جواد حسین کی برسی کی مناسبت سے ’’اتحاد امت مسلمہ کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔
جامعۃ العسکریہ میں منعقدہ اس کانفرنس میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام نے شرکت اور خطابات کئے۔
کانفرنس کی میزبانی علامہ خورشید انور جوادی نے کی، جبکہ نامور مذہبی اسکالر علامہ محمد امین شہیدی، مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ اقبال بہشتی، وحدت کونسل کے رہنماء علامہ سید عبدالحسین الحسینی، علامہ ارشاد علی اور دیگر کانفرنس میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر مقررین نے اتحاد امت کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیتے ہوئے اسے امت مسلمہ کیلئے نجات کا واحد راستہ قرار دیا۔
معروف مذہبی اسکالر اور امت واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی نے کہا ہے کہ قرآن، نبی کریم (ص)، اہلبیت (ع) اور صحابہ کرام کی توہین کے پیچھے ایک ہی ہاتھ ہے، اتحاد امت کی کوششیں استعمار کے چہرے پر طمانچہ ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعۃ العسکریہ ہنگو میں منعقدہ اتحاد امت مسلمہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دین اسلام صرف مساجد و مدارس تک محدود نہیں ہے، یہ دین تمام کائنات کیلئے ہے۔ استعماری قوتیں امت کو منتشر کرنے کیلئے خوب پیسہ خرچ کر رہی ہیں۔
انہوں نے اسلام کا غلط چہرہ دنیا کے سامنے پیش کرنے کی کوشش کی، حالیہ دنوں میں قرآن، نبی کریم (ص)، اہلبیت (ع) اور صحابہ کرام کی توہین کے پیچھے ایک ہی ہاتھ ہے، اتحاد امت کی کوششیں استعمار کے چہرے پر طمانچہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ دنیا کے کئی مسلم ممالک اسرائیل کو تسلیم کرنے، امریکہ کے جوتے چاٹنے میں لگے ہوئے ہیں اور اپنے سے کمزور اسلامی ممالک کو مارنے میں مصروف ہیں۔ امت کو متحد کرنے کی کوششیں کرنے والے علمائے کرام کے ہاتھ چومنے کے قابل ہیں اور امت میں نفاق ڈالنے والے خدا کی لعنت کے مستحق ہیں۔