عقیدہ امامت ہی رسالت و نبوت کی حکمتوں اور عظمتوں کا ترجمان عقیدہ ہے، علامہ شہنشاہ نقوی
شیعہ نیوز:پاک محرم ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام نشتر پارک میں مرکزی عشرہ محرم الحرام کی چھٹی مجلس عزا سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے عقیدہ امامت کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امامت کا وجود انسان کو کمال تک پہنچانے کا وسیلہ ہے اور اجتماعی نظام کے نظم و ضبط کو برقرار رکھنے اور روحانی تکامل کے اہداف تک رسائی کے لئے معاون و مددگار ہے، امام عالی مقام علی ابن ابیطالبؑ سے امام زمانہؑ تک یہ وہ ہستیاں ہیں جن پر خدا فخر کرتا ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ امام حسین علیہ السلام کو خدا کی جانب سے تین عظمتیں ملی ہیں پہلی یہ کہ آپ کے گنبد کے نیچے دعا قبول ہوتی ہے، دوسری آپ کی تربت خاکِ شِفا ہے اور تیسری آپ کی اولاد میں سے نو افراد کو خدا نے امامت کے لئے چنا، امام جعفرصادق فرماتے ہیں ”ہمیں امامت امام حسین علیہ السلام کے طفیل ملی ہے”۔ علامہ شہنشاہ نقوی کا کہنا تھا کہ عقیدہ امامت دراصل نبوت و رسالت کی غظمتوں، حکمتوں اور مودتوں کا ترجمان عقیدہ ہے، تمام مسلمانوں کو اس عقیدے کی حکمتوں پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔ علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے آخر میں شہید قائد ملت جعفریہ علامہ عارف الحسینی کی برسی کی مناسبت سے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی۔