
انسانی امداد کی حامل اولین کشتی غزہ کے ساحل پر پہنچ گئی
شیعہ نیوز: فلسطینی ذرائع ابلاغ نے قبرص سے، 200 ٹن غذائی امداد کے حامل پہلے بحری جہاز کی جنوب میں واقع غزہ کے ساحل پر پہنچنے کی اطلاع دی ہے۔ قبل ازیں منگل کے روز ہسپانوی امدادی جہاز "اوپن آرمز” قبرص کی لارناکا نامی بندرگاہ سے غزہ کے ساحل کے لیے روانہ ہوا تھا جبکہ اس کے ساتھ ہی شائع ہونے والی دوسری تصاویر میں غزہ کے لوگوں تک امداد کی ترسیل کو آسان بنانے کے لیے ایک "عارضی گودی” کی تعمیر کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ مصری سرحد پر واقع رفح کراسنگ اور مقبوضہ علاقوں (اسرائیل) میں کرم شلوم کراسنگ سے غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کی ترسیل کے روک دیئے جانے کے بعد اس بندرگاہ اور "تیرتی گودی” کی تعمیر امدادی ایجنڈے میں شامل کر لی گئی تھی۔
گزشتہ 2 ماہ سے غزہ کی پٹی کے لیے زمینی راستے سے انسانی امداد کی ترسیل میں انتہائی کمی آئی ہے جس کے بعد یورپی یونین نے غزہ کے باشندوں کو امداد فراہم کرنے کے لیے ایک سمندری راہداری کے قیام کی کوششوں کا اعلان کیا تھا کہ جس کا مقصد غزہ میں امداد کی منتقلی کو تیز کرنا اور زمینی راستوں پر دباؤ کو کم کرنا بتایا گیا ہے۔ غزہ پہنچنے والے جہاز اوپن آرمز میں آٹا، چاول اور پروٹین فوڈ پر مشتمل 200 ٹن امدادی سامان موجود ہے۔