
پہلے دو خاندان ملکی وسائل پر قابض تھے، اب وہ جمہوری اداروں پر بھی قابض ہوچکے ہیں، بیرسٹر گوہر
شیعہ نیوز: چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ آئینی عہدوں پر غیر آئینی طریقے سے بیٹھنا آئین کی پامالی ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پہلے دو خاندان ملکی وسائل پر قابض تھے، اب وہ جمہوری اداروں پر بھی قابض ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کی جیت جمہوریت کے لیے اچھا شگون نہیں ہے، ہمارے پاس الیکٹورل کالج میں مطلوبہ اکثریت پوری تھی۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ان لوگوں نے عہدے اہلیت کو دیکھے بغیر اور جمہوری اقدار کے بغیر بانٹے۔
اس سے قبل رہنماء پی ٹی آئی علی ظفر کا کہنا تھا کہ صدارتی الیکشن متنازع ہے، اس کے باوجود انتخابی عمل میں حصہ لینے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل اگر مخصوص نشستیں پی ٹی آئی حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کو دی جاتی ہیں تو پھر الیکشن دوبارہ کرانے ہوں گے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماء عمر ایوب نے کہا تھا کہ صدارتی انتخابات غیر آئینی اور غیر قانونی ہیں۔