
جرمن چانسلر کیجانب سے ماہ رمضان میں غزہ میں جنگ بندی کی درخواست
شیعہ نیوز: جرمنی کے چانسلر نے رمضان کے مقدس مہینے میں غزہ کی پٹی میں جنگ بندی پر زور دیا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق "اولاف شولٹز” جرمنی کے چانسلر نے ایکس سوشل نیٹ ورک کے ذریعے ایک پیغام ارسال کیا، جس میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کی درخواست کی گئی ہے۔ شولٹز نے اپنے ایکس سوشل نیٹ ورک کے صفحے پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں کہا کہ بہترین آپشن یہ ہے کہ رمضان کے مہینے میں جنگ بندی کا اعلان کیا جائے۔ یہ جنگ بندی بالآخر اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کا باعث بنے گی اور غزہ تک مزید انسانی امداد پہنچانے میں مدد کرے گی۔
ایک ہفتہ قبل جرمن میڈیا نے خبر دی تھی کہ اس ملک میں وکلاء کے ایک گروپ نے جرمن چانسلر پر غزہ میں "نسل کشی” میں مدد کرنے کا الزام لگایا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق، فروری کے آخر میں، جرمن وفاقی پراسیکیوٹر کے دفتر کو وکلاء کے اس گروپ کی جانب سے وفاقی حکومت کے ارکان کے خلاف "غزہ کی نسل کشی میں مدد اور اس کی حوصلہ افزائی کرنے” کی شکایت موصول ہوئی۔ یہ شکایت جرمنی کی فیڈرل سکیورٹی کونسل کے نو ارکان کے خلاف درج کی گئی تھی، جو ہتھیاروں کی برآمدات کا فیصلہ کرتی ہے۔ اولاف شولٹز، وزیر خارجہ آنالنا بائربوک اور جرمنی کے وزیر انصاف اس کمیٹی کے رکن سمجھے جاتے ہیں۔