
انقلاب اسلامی کی تاریخ شہید ابراہیم رئیسی جیسے پاکباز، نڈر، جری اور شجاع مجاہدوں سے بھری پڑی ہے
شیعہ نیوز:شہید خدمت آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقاء کی پہلی برسی کی مناسبت سے دفتر مجلس وحدت مسلمین مشہد مقدس میں مجلس عزا کا اہتمام کیا گیا، جس سے معروف خطیب اور ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ سید حسن ظفر نقوی نے خطاب کیا۔ مجلس عزا کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت قاری کاظم علی نے حاصل کی جبکہ محمد علی نقوی نے رسول و آل رسول کی شان میں منقبت پیش کی۔ مجلس عزا میں علمائے کرام، طلاب اور زائرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ علامہ سید حسن ظفر نقوی نے اپنے خطاب میں شہید آیت اللہ ابراہیم رئیسی کی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شہید رئیسی کی بطور صدر مملکت مخلصانہ خدمات نے ایسے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں، جنہیں رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔
علامہ سید حسن ظفر نقوی نے حوزہ علمیہ مشہد مقدس کے طلاب کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے آپ کو معاشرے میں مثبت اثر گزاری کے لئے تیار کریں، کیونکہ امام خمینی، شہید حسینی، شہید مطہری اور شہید رئیسی جیسی شخصیات حوزہ علمیہ میں ہی تیار ہوئی ہیں، جنہوں نے اپنے کردار و عمل سے ایسے اثرات چھوڑے ہیں، جنہیں تاریخ بھلا نہیں سکتی۔ شہید نے اپنے کردار اور ملک کے لیے کی جانے والی خدمات کے صلے میں ایک بلند مقام پایا ہے۔ انقلاب اسلامی کی تاریخ شہید ابراہیم رئیسی جیسے پاکباز، نڈر، جری اور شجاع مجاہدوں سے بھری پڑی ہے۔