فلسطین کے مظلومین کی حمایت میں علامہ اقبال اور قائداعظم کے نظریات ہمارے لیے بہترین لائحہ عمل ہیں: آغا رضا
مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور سابق وزیر قانون بلوچستان آغا رضا، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے ڈپٹی سیکرٹری شیخ ولایت حسین جعفری اور دیگر نے کوئٹہ پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعہ کے روز ملک بھر میں یوم القدس منایا جائے گا اور فلسطین، کشمیر و یمن کے مظلومین سے اظہار یکجہتی کے لیے بھرپور انداز میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔ موجودہ ملکی و بین الاقوامی صورتحال اور خطے کے حالات ملک میں مزید ناامنی کی طرف اشارہ دے رہے ہیں۔ امریکہ اسرائیل اور سعودی عرب سمیت تمام اسلام دشمن اور ملک دشمن قوتیں تیزی سے اپنے شیطانی ایجنڈے پہ عمل پیرا ہیں۔ ان حالات میں بروز جمعہ وطن عزیز میں یوم القدس یقینا بہت اہمیت کا حامل ہے۔ فلسطین کے مظلومین کی حمایت میں علامہ اقبال اور قائداعظم کے نظریات ہمارے لیے بہترین لائحہ عمل ہیں۔ القدس مسلکی مسئلہ نہیں، بلکہ امت مسلمہ کا اور انسانیت کا باہمی مسئلہ ہے۔ کشمیر و فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی کے بدترین واقعات رقم کئے جا رہے ہیں۔ جن کے خلاف اقوام عالم کو انسانی اور اخلاقی بنیادوں پر آواز بلند کرنی چاہئے۔ ظالموں کی مخالفت اور مظلوموں کی حمایت ایک شرعی تقاضا ہے۔ امریکہ، بھارت اور اسرائیل دور عصر کے سب سے بڑے ظالم اور غاصب ہیں۔ ان کے خلاف ملت تشیع بھرپور انداز میں احتجاج جاری رکھے گی۔
آغا رضا نے مزید کہا کہ القدس پر اسرائیل کے غاصبانہ تسلط کے خاتمے کا وقت بہت قریب ہے۔ القدس کی آزادی کو اب دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ فلسطین کی وہ قوم جو کل تک اسرائیلی ٹینکوں کا مقابلہ پتھروں سے کرتی تھی، آج جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔ عوامی مزاحمت نے اسرائیل کو عملی اور فکری طور پر شکست فاش سے دوچار کیا ہے۔ امریکہ کے کندھے پر سوار ہو کر اسرائیل زیادہ دیر تک اپنی بقا کی جنگ نہیں لڑسکے گا۔ فلسطین کی اس ترقی نے اسرائیل اور اس کے حواریوں کو خوفزدہ کر رکھا ہے۔ اپنے وسعت پسندانہ عزائم کی تکمیل کے لیے دیکھے جانے والے گریٹر اسرائیل کا دیرینہ خواب آج چکنا چور ہو چکا ہے اور صیہونی اپنے غاصب حصے پر قبضہ برقرار رکھنے کے لیے بوکھلاہٹ میں ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔ اسرائیل کی اس ناکامی کا سارا کریڈٹ امام خمینی کو جاتا ہے، جنہوں نے انقلاب ایران کے بعد القدس کے مسئلے کو زندہ رکھنے کے لیے بھرپور آواز بلند کی۔ امام خمینی نے جمعة الوداع کے موقع پر پوری دنیا کے اندر یوم القدس منانے کا اعلان اس وقت کیا جب عالمی قوتیں اسرائیل کو ایک اٹل حقیقت منوانے پر تلی ہوئی تھیں۔
انہوں نے کہا وہ عالمی استکباری قوتیں جو فلسطینیوں سے ان کا آبائی علاقہ چھیننا چاہتی ہیں، آج ہمارے وطن عزیز کی سلامتی و استحکام کو بھی تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔ امریکہ پاکستان کا بدترین دشمن ہے اور اس کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہا ہے۔ دہشت گردوں کے ذریعے وطن عزیز کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے ایجنڈے پر بڑی تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اس قوم نے پہلے ہی بہت نقصان اٹھایا ہے۔ ہمارا ملک مزید کسی آزمائش کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ وطن عزیز کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے بیرونی مداخلت کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے۔ ملک کے حساس معاملات میں امریکی مداخلت پر ہماری خاموشی وطن عزیز کے لیے سنگین خطرہ ثابت ہو سکتی ہے۔